ہد ہد طوفان شمالی آندھرا اور جنوبی اوڈیشہ کے درمیان ساحل پار کرے گا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-11

ہد ہد طوفان شمالی آندھرا اور جنوبی اوڈیشہ کے درمیان ساحل پار کرے گا

حیدرآباد/بھوبنیشور
پی ٹی آئی
قومی آفات سماوی کے ڈائریکٹر ایل ایس راٹھور نے بتایا کہ ہد ہد ایک شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے اور وہ12اکتوبر کو شمالی آندھر اپردیش اور جنوبی اڈیشہ کے درمیان ساحل کو پار کرے گا ،جس کے اثر سے انتہائی شدید بارش ہوگی۔ طوفان اس وقت وشاکھا پٹنم کے جنوب مشرق میں ساحل سے530کلو میٹر اور گوپال پور کے جنوب مشرق میں570کلو میٹر دور مرکوز ہے ۔ طوفان وارننگ سنٹر کی اطلاع کے مطابق طوفان سے اڈیشہ کے تقریباً500کلو میٹر کے دائرے میں زبردست تباہی کا اندیشہ ہے ۔ طوفان سے متاثر ہونے والے ممکنہ علاقوں سے بڑی تعدا د میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے ۔ ماہی گیروں کو سمند رمیں نہ جانے اور جو پہلے سے ہی سمندر میں ہیں ان سے جلد لوٹنے کے لئے کہا گیا ہے ۔ طوفان کے اثر اور خطرہ کو دیکھتے ہوئے مرکز نے نہ صرف قومی آفات سماوی انتظامی ادارہ کی ٹیموں کو بلکہ فوج کو بھی تیار رہنے کی ہدایت دی ہے ۔ فوج کے تقریباً250جوانوں کو وشاکھا پٹنم میں تیار رکھاجائے گا تاکہ ضرورت پڑنے پر بچاؤ اور راحت کاموں میں انتظامیہ کی مدد کرسکیں ۔ وشاکھا پٹنم میں طوفان مرکز انتباہ کے ترجمان کے مطابق آئندہ10گھنٹوں کے دوران طوفان مغرب اور شمال مغرب کی سمت میں بڑھتے ہوئے خطرناک شکل اختیار کرنے والا ہے اور آئندہ12اکتوبر کو شام تک یہ آندھرا پردیش کے شمالی ساحلی علاقوں کو پار کرجائے گا ۔ اس دوران طوفان کے اثرسے آس پاس کے علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوگی ۔ خاص طور سے ساحلی آندھرا پردیش کے مشرقی گوداری ضلع وشاکھا پٹنم ، وجے نگرم، سریکا کلم میں تیز رفتار ہواؤں کے ساتھ تیز بارش ہوگی ۔ طوفان کے دوران70کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کے بھی امکانات ظاہر کئے گئے ہیں ۔
12اکتوبر تک ہواؤں کی رفتار155کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا اندیشہ ہے ۔ طوفان کے اثر سے سمندر میں مدوجزر کی وجہ سے ایک تادہ میٹر اونچی لہریں بھی اٹھیں گی ۔ تمام ساحلی آندھرا پردیش کے اضلاع کے نشیبی علاقوں سے لوگوں کا تخلیہ کرادیاگیا ہے ۔ کل شام سے مشرقی گوداوری ، وشاکھا پٹنم ، وجے نگرم ، سریکا کلم میں شدید سے شدید تر بارش ہوسکتی ہے ۔11اکتوبر کی صبح سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوگی ۔12اکتوبر کو صبح یہ ہوائیں طوفانی شکل اختیار کرلیں گی جس کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ اسی طرح اڈیشہ میں بھی یہ طوفان زبردست تباہی مچاسکتا ہے ۔ قومی آفات سماوی کے ریلیف کمشنر پی کے مہاپاترا نے بتایا کہ ملکا نگری ،کوراپٹ ،رائے گڑھا، کندھا مل، کالا ہانڈی ، نیا گڑھ ، گجا پتی ، لنجم میں زبردست بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ دریائے بنسا دھارا، روی کلیا ، ناگابلی میں سیلاب آسکتا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں