مناسک حج کا آغاز - آج وقوف عرفات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-03

مناسک حج کا آغاز - آج وقوف عرفات

منیٰ(سعودی عرب)
پی ٹی آئی
اقطاع عالم سے آئے ہوئے تقریباً25لاکھ عازمین حج ، جو سفید احرام میں ملبوس ہیں ،(تلبیہ) لَبَّیْکَ اَللّٰھُمَّ لَبَّیْکَ ، لَبَّیْکَ لَا شَرِیْکَ لَکَ لَبَّیْکَ اِنَّ الْحَمْدَ وَالنِّعْمَۃلَکَ وَالْمُلْکُ، لَاشَرِیْکَ لَکَ۔ اوراللہ اکبر کی صداؤں کی گونج میں آج صبح مکمہ معظمہ سے خیموں کے شہر منیٰ میں پہنچے۔ اس طرح مناسک حج کاآغاز ہوگیا ۔ سفید احرام میں ملبوس ان لاکھوں عازمین کا یہ سمندر ، نہایت روح پرور منظر پیش کررہا تھا ۔(شہر منیٰ مکہ معظمہ کے مشرق میں5کلو میٹر کے فاصلہ پر واقع ہے ) ۔منیٰ پہنچنے والے پہلے گروپ میں ہندوستان ، پاکستان اور بنگلہ دیش کے عازمین شامل ہیں ۔ سال حال ہندوستان کے ایک لاکھ36ہزار سے زیادہ خوش نصیب عازمین سعادت حج سے مشرف ہوں گے ۔ کل جمعہ 3اکتوبر کو وقوف عرفات کے ساتھ حج کے رکن اعظم کی تکمیل ہوگی جب کہ شنبہ کو عالم عرب میں عید الاضحٰی منائی جائے گی اور قربانی دی جائے گی ۔ آج منیٰ پہنچنے والے بیشتر عازمین نے بسوں کے ذریعہ سفر کیا جس کا انتظام متعلقہ حج مشنوں اور سعودی حکومت نے کیا لیکن بعض دیگر عازمین نے پیدل ہی چل کر منیٰ پہنچنے کو ترجیح دی ۔ دریں اثناء ہندوستانی قونصل جنرل بی ایس مبارک نے بتایا کہ منیٰ میں تمام ہندوستانی کیمپوں کا معائنہ کیاجاچکا ہے اور یہ کیمپس نہایت مناسب پائے گئے ۔ اب تک کوئی بڑا مسئلہ پیدا نہیں ہوا۔ تمام انتظامات اطمینان بخش طور پر کئے گئے ہیں۔ منیٰ روانگی سے قبل ہندوستانی عازمین کے لئے ایک پیام میں مبارک نے کہا کہ’’ صبر سے کام لیں ، صحت بخش غذا استعمال کریں ، گرمی، دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں ۔ اپنے خیمہ کا نمبر اور پول(ستون) کا نمبر یاد رکھیں ۔ سامان کم رکھیں اور چند میوے اور خشک میوے اپنے ساتھ رکھیں۔ ہمیشہ ہی چھوٹے چھوٹے گروپوں کی شکل میں جانے کی کوشش کریں اور اگر کوئی مسئلہ درپیش ہو تو حج مشن سے رجوع ہوں ۔‘‘
امروہہ سے تعلق رکھنے والے ایک ہندوستانی عازم حج محمد شاہد نے بتایا کہ’’یہاں تمام ہندوستانی عازمین کے پہنچ جانے کے بعد ہمیں ہندوستانی مشن کی جانب سے ناشتہ فراہم کیا گیا اور بعد میں دوپہر کے کھانے کا بھی انتظام کیا گیا ۔ سارے عازمین قرآن خوانی ، نمازوں اور دعاؤں میں مصروف ہیں ۔ مناسک حج سے متعلق امور کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کررہے ہیں۔ بعض معمر عازمین ، پیدل پہنچنے کے بعد آرام لے رہے ہیں۔ ‘‘ منیٰ میں آمد کے بعد کئی عازمین فرط مسرت سے اشکبار دیکھے گئے ۔ سبھی عازمین نے اس مقدس سفر حج کو ممکن بنانے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا ۔ بیشتر عازمین حج کل رات عشاء کی نماز کے بعد ہی منیٰ کے لئے روانہ ہوچکے تھے جب کہ بعض دیگر عازمین آج صبح نماز فجر کی ادائیگی کے بعد منیٰ کے لئے روانہ ہوئے ۔ آدھی رات کو سفید خیموں کا شہر منیٰ بڑا پرنور منظر پیش کررہا تھا۔ سعودی حکومت کی ایجنسیوں نے کسی رکاوٹ کے بغیر آسانی کے ساتھ حج کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لئے معقول انتظامات کئے ہیں۔ مکہ معظمہ سے لے کرمدینہ منور ، جدہ ریاض ، طائف ، دمام اور خیموں کے شہر منیٰ میں کسی بھی نقص سے پاک انتظامات کئے گئے ہیں۔ جے پور(راجستھان) سے تعلق رکھنے والے ایک عازم حج لطیف محمد جاگیر دار اور ان کی اہلیہ شبانہ بیگم نے بتایا کہ یہاں پہنچنے کے بعد اپنی مسرت کے احساس کا اظہار کرنے کے لئے انہیں الفاظ نہیں مل رہے ہیں ۔ ہم3سال سے انتظار کررہے تھے ۔ زائداز3لاکھ60ہزار ہندوستانیوں نے سال حال سفر حج کے لئے درخواست دی تھی جن میں سے صرف ایک لاکھ36ہزار20خوش نصیبوں کو یہ سعادت حاصل ہوئی جن میں ہم بھی شامل ہیں ۔ اللہ نے ہماری دعائیں سن لی ۔
پاکستان کے ایک عازم حج مسعود جعفر نے بتایا کہ اس مقدس سفر کا آغاز میری زندگی کا انتہائی روحانی لمحہ رہا۔ میں ساری امت مسلمہ کے لئے دعا کروں گا ۔ ہم کل جمعہ3اکتوبر کو میدان عرفات میں ہوں گے۔ یہ لمحات شاذو نادر ہی میسر ہوتے ہیں ۔ مجھے حددرجہ خوشی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے یہ موقع عطا کیا ۔ تمام عازمین آج کا دن اور رات منیٰ میں نمازوں اور قرآن خوانی میں گزاررہے ہیں ۔ وہ کل (جمعہ کی) صبح میدان عرفات کی جانب بڑھیں گے ۔ سعودی عرب نے مکہ معظمہ ، مدینہ منورہ اور دیگر مقامات مقدسہ میں زائد از70ہزار عہدیدارو ں کو متعین کیا ہے ۔ کسی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے بلیک ہاک ہیلی کاپٹروں کو بھی تیار رکھا گیا ہے ۔ سال حال فریضہ حج ادا کرنے والوں میں تقریباً14لاکھ بیرونی عازمین ہیں اور ان میں سے تقریباًایک چوتھائی کا تعلق بر صغیر ہند۔ پاک سے ہے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں