ملک کو صاف رکھنے میں ہر ہندوستانی اپنا حصہ ادا کرے - پرنب مکرجی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-03

ملک کو صاف رکھنے میں ہر ہندوستانی اپنا حصہ ادا کرے - پرنب مکرجی

کرن ہار(مغربی بنگال)
پی ٹی آئی
صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج سوچھ بھارت ابھیان میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ہر ہندوستانی کو یومیہ کم از کم2گھنٹے یا سالانہ100گھنٹے صفائی مہم کے لئے وقف کرنا چاہئے ۔ صدر جمہوریہ نے عوام کو ملک کو صاف رکھنے کا حلف دلاتے ہوئے کہا کہ اپنے اطراف و اکناف کے علاقوں کو صاف ستھرا رکھنا ایک ایسا موثر طریقہ ہے جس کے زریعہ ہر شہری ملک کی خدمت کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے لئے حکومت کے پہل کے ساتھ ساتھ ہر ہندوستانی کو اس مشن میں اپنا حصہ ادا کرنا چاہئے ۔ صدر جمہوریہ نے خود بھی کرن ہار شب چندرا ہائی اسکول میں اس مہم میں حصہ لیا جہاں سے انہوں نے اسکولی سطح کی تعلیم مکمل کی تھی ۔ پرنب مکرجی نے کہا کہ یہی وہ ادارہ ہے جہاں انہیں سب سے پہلی صفائی کی اہمیت سکھائی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کی عمارت کی دیواروں پر صفائی برقرار رکھنے کے بارے میں پیامات تحریر کئے گئے تھے جو طلباء کے ذہنوں پر نقش ہوگئے تھے ۔ صدر جمہوریہ میراٹھی سے کرن ہار پہنچے تھے، جہاں انہوں نے آبائی مکان میں پوجا کی ۔ فی الحال وہ ضلع بیر بھوم میں اپنی بڑی بہن انا پورنا بنرجی کے مکان میں مقیم ہیں ۔ اس ملک کا صدر بننے کے بعد پرنب مکرجی کے لئے یہ تیسری درگا پوجا ہے ۔
اسی دوران نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے مطابق مرکزی حکومت کے لاکھوں ملازمین نے آج عہد کیا کہ وہ نریندر مودی انتظامیہ کے سوچھ بھارت ابھیان کے ایک حصہ کے طور پر ہر ہفتہ دو گھنٹے زائد کام کرتے ہوئے اپنے دفاتر اور رہائشی علاقوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں گے ۔ مرکزی حکومت کے ہر محکمہ نے آج مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے ملازمین کو حلف دلانے کے لئے وسیع تر انتظامات کئے تھے۔ پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ چپراسی کی سطح سے لے کر سکریٹری کی سطح تک ہر ملازم کو گاندھی جینتی کے موقع پر دفتر آنے کے لئے کہا گیا حالانکہ یہ عام طور سے سرکاری تعطیل ہوتی ہے ۔ ملازمین کو مدی کی سوچھ بھارت ابھیان مہم کے ایک حصہ کے طور پر طلب کیا گیا تھا ۔ مرکزی حکومت کے دفاتر کی عمارتوں اور سڑکوں کے کنارے ایسے بیانرس لگائے گئے جن پر کام کے مقام اور اطراف و اکناف صفائی برقرار رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا جس سے عوام کی حوصلہ افزائی ہوئی۔ بعض ملازمین کو خصوصی طور پرتیار کردہ ٹی شرٹس بھی دی گئیں جن پر صفائی برقرار رکھنے سے متعلق پیامات درج تھے ۔ معتمد داخلہ انیل گو سوامی نے وزارت دخلہ اور وزارت پرسونل کے ملازمین کو حلف دلایا ۔ اس پروگرام میں سینکڑوں ملازمین نے حصہ لیا اور حلف اٹھایا ۔ وزارت پرسونول کی جوائنٹ سکریٹری ممتا کندرا نے کہا کہ یہ جشن کی مانند ہے ۔ملازمین اسے منارہے ہیں ، صفائی ستھرائی ایک مستقل عمل ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ ملازمین دفاتر اور رہنے کے مقامات پر صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔
واضح رہے کہ ملک میں مرکزی حکومت کے30.98لاکھ ملازمین ہیں ۔ ملازمین نے صفائی کا پابند رہنے کا بھی عہد کیا ۔ سینئر عہدیداروں کی کی جانب سے ملازمی کو جو حلف دلایا گیا اس میں کہا گیا ’’ میں صفائی ستھرائی کے لئے رضاکارانہ طور پر کام کرنے ہر سال100گھنٹے مختص کروں گا جو دو گھنٹے فی ہفتہ کے مماثل ہے ۔ میں نہ گندگی کروں گا اور نہ دوسروں کو گندگی کرنے دوں گا ۔ میں اپنی، اپنے خاندان، اپنے محلہ، اپنے گاؤں اور اپنے کام کے مقام پر صفائی کی برقراری کی جستجو کروں گا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے صاف ستھرے ہندوستان کے مہاتما گاندھی کے خواب کو 2019تک شرمندہ تعبیر کرنے سوچھ بھارت یا صاف ہندوستان مہم شروع کی ہے ۔ 2019میں یہ ملک بابائے قوم کا150واں یوم پیدائش منارہا ہوگا ۔ حلف کے متن میں کہا گیا کہ میں دیگر100افراد کی یہ حلف لینے کے لئے حوصلہ افزائی کروں گا اور صفائی کے لئے100گھنٹے مختص کرنے کی ترغیب دوں گا۔ کابینی سکریٹری اجیت سیٹھ نے مرکزی حکومت کے تمام ملازمین کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس معاملہ میں بیداری پید ا کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی تھی کہ ان کے ماتحت تمام ملازمین کو صفائی کا حلف دلایاجائے ۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق کوئلہ اور برقی کے وزیر پیوش گوئل نے آج کہا کہ ان کی وزارت کے تحت عوامی شعبہ کے یونٹ اندرون ایک سال اسکول اور کالجوں میں ایک لاکھ بیت الخلاء تعمیر کریں گے ۔ گوئل نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے سفائی ستھرائی کو اولین ترجیح دی ہے۔ انہوں نے لال قلعہ سے بیت الخلاء کا پیام دیا ہے ۔ اب ہم اپنی تمام تر توانائی اس کام کے لئے صرف کریں گے ۔ وہ سوچ بھارت دیوس کے موقع پر ممبئی سے ویب کاسٹ کے ذریعہ وزارت کوئلہ ، برقی ، نئی و قابل تجدید توانائی عوامی شعبہ کے یونٹوں کے عہدیداروں اور ارکان عملہ سے بات چیت کررہے تھے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ عوامی شعبہ کے مختلف یونٹ اندرون ایک سال اسکولوں میں ایک لاکھ بیت الخلاء تعمیر کریں گے ۔ انہوں نے ملازمین کو صفائی کا حلف دلایا اور ان سے اپیل کی کہ وہ صفائی کے پابند رہنے کا عہد کریں اور اس کے لئے وقت دیں ۔

Government alone cannot make India clean, says President Pranab Mukherjee

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں