کالے دھن سے متعلق عالمی اجلاس میں ہندوستان کی عدم شرکت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-30

کالے دھن سے متعلق عالمی اجلاس میں ہندوستان کی عدم شرکت

نئی دہلی/برلن
پی ٹی آئی
ہندوستان آج برلن میں او ای سی ڈی میٹنگ میں شرکت میں ناکام رہا جہاں کالے دھن سے متعلق معلومات کی راز داری کے عالمی معیارات پر عمل کے حوالے سے ایک ہمہ رخی معاہدے پر دستخط کیے گئے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ہندوستان برلن میٹنگ میں شرکت نہیں کرسکتا جہاں ایسے معاہدے پر دستخط کئے جانے والے تھے۔ حکومت ہند کو یہ بین الاقوامی عہد کرنا تھا کہ وہ موصولہ اطلاعات کے بارے میں عالمی معیارات پر عمل کرے گا۔ کل رات موصولہ اطلاعات میں اشارہ ملا تھا کہ ہندوستان اس میٹنگ میں شرکت نہیں کرے گا اور اس کے لئے کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ۔ آرگنائزیشن آف اکنامک کو آپریشن اینڈ ڈیولپمنٹ کی میٹنگ میں51ملکوں ںے ٹیکس چوری کے خلاف کریک ڈاؤن کے لئے کوششوں کی حوصلہ افزائی اور مالیاتی مواد کے تبادلہ کے سمجھوتہ پر دستخط کئے ۔ اس معاہدہ پر دستخط کرنے والوں میں بیشتر یورپی ممالک ہیں ۔ ہندوستان نے اس میٹنگ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ ایک ایسے وقت کیا ہے جب ملک کی سپریم کورٹ میں کالے دھن کے معاملہ پر اہم سماعت ہورہی ہے اور عدالت کی ہدایت پر حکومت نے بیرونی ممالک میں بینک کھاتے رکھنے والے افراد کے نام بتائے ہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں