سنگھ پریوار پر ملک کوتقسیم کرنے کی کوشش کا الزام - اعظم خان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-30

سنگھ پریوار پر ملک کوتقسیم کرنے کی کوشش کا الزام - اعظم خان

لکھنو
یو این آئی
اتر پردیش کے وزیر اقلیتی بہبود محمد اعظم خان نے ایک بار پھر وزارت داخلہ سے مطالبہ کیا ہے وہ ملک دشمن سرگرمیوں کو بڑھا وا دینے کے سلسلہ میں آر ایس ایس کے خلاف کارروائی کرے۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو 21اکتوبر کو روانہ کئے گئے اپنے ایک یاددہانی مکتوب میں اعظم خان نے الزام عائد کیا تھا کہ سنگھ پریوار کے قائدین مسلمانوں میں بے چینی پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ یہ مکتوب یاددہانی 2صفحات پر مشتمل خط کے ساتھ آج روانہ کیا گیا ۔ اعظم خان نے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کئے گئے انتباہ کا حوالہ دیا ، جس میں فرقہ وارانہ گڑ بڑ سے بچنے کے لئے تہواروں کے موسم میں چوکسی اور مناسب سیکوریٹی کویقینی بنانے ریاستوں پر زور دیا گیا ہے ۔ اعظم خان نے دعویٰ کیا کہ آر ایس ایس کے سر سنگھ چالک موہن بھاگوت نے وسط اکتوبر میں لکھنؤ میں تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک کے مسلمان در اصل ہندو ہیں ۔ اعظم خان نے کہا کہ ایسے بیان سے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے اور بھاگوت ماحول بگاڑنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ مختلف ملک دشمن سرگرمیوں میں آر ایس ایس کے رول سے ہم سب واقف ہیں ، لہذا میں یہ مطالبہ کرتا ہوں کہ مرکزی وزارت داخلہ بھاگوت کے خلاف کارروائی شروع کرے۔
ریاستی وزیر نے الزام عائد کیا کہ سنگھ پریوار ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس پر مرکزی حکومت کو سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔

Sangh Parivar accused of trying to divide the country, Azam Khan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں