وینکیا نائیڈو کی وشاکھاپٹنم کو اسمارٹ سٹی بنانے کے لئے تجویز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-25

وینکیا نائیڈو کی وشاکھاپٹنم کو اسمارٹ سٹی بنانے کے لئے تجویز

حیدرآباد
ایس این بی
مرکزی وزیر شہری ترقی ایم وینکیا نائیڈو نے وشاکھا پٹنم کو ایک اسمارٹ سٹی کے طور پر ترقی دینے کے لئے ایک خصوصی ادارہ کی تجویز پیش کی ہے ۔ تاکہ مرکزی حکومت سے نمائندگی کے ذریعہ وشاکھا پٹنم کو مجموعی ترقی سے ہمکنار کیاجائے ۔ وینکیا نائیڈو نے آج وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران انہیں یہ تجویزپیش کی ۔ انہوں نے بذریعہ فون وزیر فینانس ارون جیٹلی سے بھی بات کی اور ان سے خواہش کی کہ طوفان سے متاثرہ تمام علاقوں میں بینک کے قرضوں کی ری شیڈولنگ اور انشورنس کے دعوؤں کی عاجلانہ یکسوئی کے لئے متعلقہ ارباب مجاز کو ہدایت دیں ۔ ارون جیٹلی نے وینکیا نائیڈو کو اس تعلق سے ضروری اقدامات کرنے کا تیقن دیا ۔ وشاکھا پٹنم کے ساحلوں پر زمین کے کٹنے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے کہا کہ اس معاملے میں مرکزی وزارت ماحولیات سے رجوع ہوکر طویل مدتی اقدامات کرنے کی خواہش کی جائے گی۔ انہوں نے بلدی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سوچھ بھارت مشن کے تحت عوام میں یہ شعور بیداری پید اکریں کہ وہ بیچس پر گندگی پھیلانے سے احتراز کریں۔ واضح رہے کہ وینکیا نائیڈو نے ریاست آندھرا پردیش کے شمالی ساحلی اضلاع میں حالیہ طوفان کی تباہ کاریوں کے بعد راحت و باز آباد کاری اور ترقی کے لئے ضلع وشاکھا پٹنم کے موضع چپالا اپڈا کو منتخب کیا ہے ۔ ماہی گیروں کا یہ گاؤں اور آس پاس کی آبادیاں حالیہ طوفان سے شدید متاثر ہوئی ہیں ۔ وینکیا نائیڈو نے چپالا اپڈا اور متصلہ آبادیوں کی تعمیر جدید کے لئے ایم پی ایل اے ڈی ایس فنڈس سے25لاکھ روپئے کے علاوہ خود اپنی ایک مہینہ کی تنخواہ عطیہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔
علاوہ ازیں اس تعلق سے ٹرسٹس اور این جی اوز جیسے دیگر ذرائع سے بھی وسائل حاصل کئے جائیں گے ۔ نیلور کے سورن بھارتی ٹرسٹ نے اس گاؤں کی باز آباد کاری کے لئے10لاکھ روپے کی پیشکش کی ہے ۔ گزشتہ دو دنوں میں وینکیا نائیڈو نے جاریہ باز آباد کاری کاموں کا تجزیہ کرنے کے لئے شمالی ساحلی آندھرا پردیش کے طوفان سے متاثرہ علاقوں کا وسیع تر دورہ کیا ہے ۔ انہوں نے وشاکھا پٹنم میں زائد از20مرکزی حکومت کے محکموں اور ایجنسیوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا اور اس اجلاس میں عوام کو مختلف قسم کی خدمات کی بحالی سے متعلق کئے جارہے اقدامات کا جائزہ لیا ۔ مرکزی وزیر نے وشاکھا پٹنم ، وجیا نگرم اور سریکا کولم کے ضلع کلکٹرس کے ساتھ باز آباد کاری کے کاموں میں پیشرفت کا بھی جائزہ لیا۔

Vizag smart city proposal by venkaiah naidu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں