ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان حکمت عملی مذاکرات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-15

ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان حکمت عملی مذاکرات

نئی دہلی
یو این آئی
ہندوستان اور کینیڈا نے آج حکمت عملی مذاکرات کئے اور باور کیاجاتا ہے کہ انہوں نے سیکوریٹی ، دفاع ، انسداد دہشت گردی ، خلاء نیو کلیر توانائی ، تعلیم، غذائی سلامتی اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کا جائزہ لیا ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج اور کینیڈا کے ان کے ہم منصب جان بیرڈ نے مذاکرات کی صدارت کی ۔ بیرڈ نے کہا کہ کینٰڈا اور ہندوستان کے کئی مشترکہ مفادات ہیں اور وہ مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے انسداد اور سلامتی امور کی یکسوئی سشما سوراج کے ساتھ میری بات چیت کا مرکزی موضوع رہی۔ ہم نے سائبر سیکوریٹی ، تعلیم اور دیگر موضوعات پر بھی گفتگو کی ۔ جان بیرڈ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت ہندوستان نے پاکستان کے ساتھ استحکام کو فروغ دینے اور کشمیر میں عظیم قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے ۔ کینڈا اس خطہ میں انتہا پسندی کے واقعات سے نمٹنے میں ہندوستان کی مدد جاری رکھے گا۔
نئی دہلی سے آئی اے این ایس کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب کینڈا کے وزیر خارجہ جان بیرڈ نے آج یہاں ایک اسکول میں بچوں سے بات چیت کرتے ہوئے لڑکیوں کی تعلیم کے حقوق اور جلد و زبردستی کی جانے والی شادیوں کے نقصانات کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے اس ضمن میں ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور چیمپین باکسر میری کوم کی کامیابیوں کو اجاگر کیا ۔ جان بیرڈ نے جنوبی دہلی کے آر کے پورم علاقہ میں دہلی پبلک اسکول میں طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ امر انتہائی بد بختانہ ہے کہ دنیا کے کئی علاقوں میں لڑکیوں کی عمر18سال ہونے سے پہلے ان کی جبراً شادی کردی جاتی ہے ۔ آج ایسی700ملین لڑکیاں ہیں جن کی شادی اس عمر میں کردی گئی تھی اور جس کی وجہ سے وہ اپنی صلاحیتوں کو فروغ نہیں دے سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندستان میں ہمارے لئے دو مضبوط رول ماڈلس ثانیہ مرزا اور میری کوم ہیں جنہوں نے صحیح موقع ملنے پر کھیلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ ہر لڑکی اپنے پسندیدہ مشغلہ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتی ہے۔ بچپن میں کی جانے والی شادیوں سے نمٹنے کینڈا کے پابند عہد ہونے کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ سے دنیا کے ہر گوشہ میں اس کاز کو فروغ ملے گا ۔ انہوں نے اس میں ہندوستان کی شراکت داری پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے طلباء کو کینڈا میں تعلیم حاصل کرنے کی بھی دعوت دی تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مستحکم اور بہتر ہوسکیں ۔ بیرڈ نے اسکول کا ایک گھنٹہ طویل دورہ کیا ۔ابتداء میں طلباء نے ہاتھ سے تیار کردہ کینڈا کے پرچم لہراتے ہوئے ان کا خیر مقدم کیا ۔ بیرڈ ہندوستان کے ساتھ حکمت عملی مذاکرات کے سلسلہ میں دہلی آئے ہوئے ہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں