پٹنہ بھگدڑ - المیہ دم گھٹنے کا نتیجہ - ضلع انتظامیہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-05

پٹنہ بھگدڑ - المیہ دم گھٹنے کا نتیجہ - ضلع انتظامیہ

پٹنہ
پی ٹی آئی
گاندھی میدان میں بھگدڑ جس میں33افراد ہلاک اور29زخمی ہوئے، کے سلسلہ میں تنقیدوں کا نشانہ بن رہے پٹنہ ڈسٹرکٹ ایڈ منسٹریشن نے آج کسی کوتاہی کی تردید کی اور کہا کہ یہ المیہ دم گھٹنے کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے ۔ دسہرہ کے جشن کے لئے عوام کی کثیر تعداد وہاں جمع تھی جس کے نتیجہ میں دم گھٹنے کا واقعہ پیش آیا ہوگا ۔ ضلع مجسٹریٹ منیش کمار ورما نے پٹنہ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ دم گھٹنے کی وجہ سے لوگوں کی موت ہوئی ہوگی ۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس مانو مہاراج نے ان کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے اس المیہ کو دم گھٹنے کا نتیجہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے صرف عوام کے بڑے ہجوم کی نقل و حرکت کا پتہ چلتا ہے۔ فوٹیج میں بھگدڑ کی کوئی واضح تصویر نہیں ہے ۔ ایس ایس پی نے ٹی ایم سی ایچ پرنسپال کے چیمبر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگوں کو گرتے ہوئے اور دوسروں کو انہیں اٹھاتے ہوئے دیکھاجارہا ہے ۔ رام غلام چوک کے قریب روشنی کم تھی کیونکہ ہائی ماسٹ لائٹ برابر کام نہیں کررہی تھی ۔ کم روشنی کی وجہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج سے کوئی نتیجہ نہیں نکالا جاسکتا ۔ انہوں نے پولیس لاٹھی چارج کی تردید کی ، حالانکہ عینی شاہدین کا الزام ہے کہ بھگدڑ اسی کی وجہ سے شروع ہوئی تھی ۔ انہوں نے سازش کے ایک حصہ کے طور پر افواہیں پھیلائے جانے کے امکانات کی بھی تردید کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں بعض افراد سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے اور پولیس اس واقعہ کے سلسلہ میں ایف آئی آر درج کرنے کے عمل سے گزر رہی ہے ۔ ہم یہ پتہ چلانے کی بھی کوشش کررہے ہیں کہ وہاں کوئی برقی تار گرا تھا یا کوئی ایسا گڑھا تھا جس میں چند لوگوں کے پیر پھنس گئے تھے اور جس کی وجہ سے ہجوم میں دہشت پھیل گئی ۔ ورما نے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ گاندھی میدان کی گیٹس بند رکھی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک گیٹ بند تھی جو رام غلام چوک کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ وی آئی پی گیٹ سمیت چاروں گیٹس کھلی تھیں اور سی سی ٹی وی میں بھی اس کا مشاہدہ کیاجاسکتا ہے جسے کوئی نہیں جھٹلا سکتا ۔ گاندھی میدان میں کم روشنی کے بارے میں سوالات پر ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ روشنی کا انتظام پوجا کمیٹی کی ذمہ داری تھی ۔ انہوں نے کہا کہ بعض روشنیاں کام کررہی تھیں اور جب کہ دیگر خراب تھیں۔

نئی دہلی سے یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب پٹنہ کے گاندھی میدان میں دسہرہ کے موقع پر بھگدڑ کیلئے جس میں کم از کم33افراد ہلاک ہوئے ، حکومت بہار کو ذمہ دار ٹھہرایا اور چیف منسٹر جتن رام مانجھی سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ۔ بی جے پی لیڈر رامیشور چورسیا نے کہا کہ پٹنہ بھگدڑ انتہائی بدبختانہ واقعہ تھا اور اس کے لئے ریاستی حکومت ذمہ دار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ روشنی کا مناسب انتظام نہیں تھا۔ گاندھی میدان کی کئی گیٹس ہیں لیکن صرف ایک گیٹ کلی تھی کیونکہ پولیس نے تمام گیٹس کو بند کردیا تھا ۔ کوئی عام آدمی بھی یہ سمجھ سکتا ہے کہ لاکھوں افراد کے لئے صرف ایک گیٹ کافی نہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں