پاکستان سرحد پر مہم جوئی روک دے - وزیر دفاع ارون جیٹلی کی وارننگ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-10

پاکستان سرحد پر مہم جوئی روک دے - وزیر دفاع ارون جیٹلی کی وارننگ

نئی دہلی
یو این آئی
سرحد پار سے جنگ بندی کی بار بار خلاف ورزیوں پر ہندوستان نے آج پاکستان کو انتہائی سخت اور واضح انداز میں وارننگ دی ہے اور پاکستان سے خواہش کی ہے کہ وہ سرحد پر’’مہم جوئی‘‘ روک دے یا پھر اس کی بھاری( ناقابل تحمل) قیمت چکانے تیار رہے ۔ وزیر دفاع ارون جیٹلی نے اپنی قیام گاہ پر عجلت میں طلب کردہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان، ہندوستان کے ساتھ امن چاہتا ہے تو وہ سرحد پر فائرنگ اور شلباری روک دے ۔ ہندوستان کا یہ سخت ترین موقف ان اطلاعات کے بیچ سامنے آیا ہے کہ بین الاقوامی سرحد کی اگلی چوکیوں پر پاکستانی رینجرس سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ، دوسرے ہفتہ میں داخل ہوگئی ہے۔ جیٹلی نے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں پاکستان کو علانیہ’’جارحیت پسند‘‘ قرار دیا اور کہا کہ’’میں آپ سے کہہ سکتا ہوں کہ اگر پاکستان مہم جوئی جاری رکھے تو ہمارے فورسس اس مہم پسندی کی قیمت ناقابل تحمل بنادیں گے ۔‘‘ وزیر دفاع کے اس سخت بیان سے ایک ہی دن قبل یعنی کل وزیر اعظم نریندر مودی نے سرحدی کشیدگی کے جلد تصفیہ کی طرف اشارہ کیا تھا۔اور کہا تھا کہ’’جلد ہی سب ٹھیک ٹھاک ہوجائے گا۔‘‘
جنگ بندی کی حالیہ خلاف ورزیوں پر کل وزیر اعظم کا یہ پہلا رد عمل تھا ۔ جیٹلی نے کہا کہ پاکستان کے بلا اشتعال حملہ کے بالمقابل ہندوستانی فورسس قابل تعریف کام کررہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پاکستانی فوج ، عسکریت پسندوں کو ہندوستانی علاقہ میں گھسانے کی کوشش کررہی ہے اور ان عناصر کے بچاؤ کے لئے فائرنگ کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’فائرنگ اور مداخلت کاری کے درمیان ایک کور ہے اور فائرنگ کے ذریعہ مداخلت کاری کا احاطہ کیاجاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، مداخلت کاری کے مقصد سے لڑائی بندی کی خلاف ورزی کررہا ہے جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ سرحد پر تشدد میں کئی مداخلت کار ہلاک ہوگئے ہیں ۔‘‘ ہندوستانی فوج کے اندازہ کے بموجب لگ بھگ2ہزار عسکریت پسند عناصر، پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں مختلف لانچ پیاڈس پر انتظار کررہے ہیں اور جموں و کشمیر میں مداخلت کاری کے موقع کی تاک میں ہیں۔ جیٹلی نے بتایا کہ پاکستان بین الاقوامی سرحد پر اور خط قبضہ پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا مسلسل ارتکاب کررہا ہے۔ نتیجتاً بے قصور افراد کی جانیں ضائع ہورہی ہیں ۔

Pakistan will have to pay a heavy price for adventurism at border, defence minister Arun Jaitley says

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں