نیپال میں برفانی طوفان - 21 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-16

نیپال میں برفانی طوفان - 21 ہلاک

کولمبو
پی ٹی آئی
جنوبی ایشیائی ملک نیپال میں ہمالیہ کے پہاڑی سلسلے میں شدید ژالہ باری اور برفباری سے غیر ملکیوں کے بشمول کم از کم21افراد ہلاک ہوگئے ہیں اور دستیاب شدہ9نعشوں میں ایک ہندوستانی کی نعش چہار شنبہ کے دن دستیاب ہوئی ہے ۔ پولیس سب انسپکٹر نارائن دتا نے ای ایف ای نیوز ایجنسی کو یہ بات بتائی ۔ نیز انہوں نے کہا کہ چہار شنبہ کے دن ان کی نعشیں دستیاب ہوئی ہیں ۔ تاہم ای ایف ای نے مہلوکین میں سے کسی کے نام کو ظاہر نہیں کیا ۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک شدگان میں سے10غیر ملکی ہیں اور بہت سے مہم جو لاپتہ بھی ہیں ۔ نیپالی حکام کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ ہلاکتیں ضلع مستانگ کے سب سے اونچے17,779فٹ لمبے ، اناپورنا سرکٹ میں ہوئیں جہاں 12افراد ہلاک ہوگئے ۔ ہلاک ہونے والے یہ مہم جو تھورنگ کے پہاڑی درے سے لوٹ رہے تھے کہ برفانی طوفان کی زد میں آگئے ۔ اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی نیپال کی فوج نے امدادی کارروائیاں شروع کردیں جسے ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی حاصل ہے ۔ حکام کے مطابق مرنے والوں میں نیپالی باشندوں کے علاوہ پولینڈ اور اسرائیلی کے دو، دو شہری شامل ہیں جب کہ اس مہم میں شریک40افراد کو بچالیا گیا ہے۔ انا پورنا کے ہی ڈھلوانی علاقے میں منانگ میں برفانی طوفان کی زد میں آکر3مقامی افراد اور ایک ہندوستانی اور4کینیڈین شہریوں کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں ۔ اس کے علاوہ اناپورنا کے مشرق میں مانٹ مناسلو کے قریب ایک فرانسیسی شہری دریا میں ڈوب کر ہلاک ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ یہ غیر متوقع برفباری سمندری طوفان ہدہد کی وجہ سے بھی ہوسکتی ہے ۔ یہ سمندری طوفان رواں ہفتے ہی ہندوستان کے جنوب مشرق ساحل سے ٹکرانے کے بعد نیپال کی جانب آیا تھا اور اب اس کا رخ چین کی طرف ہے ۔ یہ ہلاکتیں نیپال میں دنیا کے سب سے اونچے پہاڑ ماؤنٹ ایورسٹ پر16شرپا گائیڈز کی ہلاکت کے چند ماہ بعد ہی ہوئی ہیں ۔ نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ نیپال میں مہم جوئی ایک بڑی صنعت ہے اور اس واقعے سے ملک کی معیشت کی مددگار اس صنعت کو شدید دھچکا پہنچنے کا خدشہ ہے ۔

Nepal blizzard, 21 killed

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں