ماہ محرم کے لئے اترپردیش میں وسیع تر سیکوریٹی انتظامات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-27

ماہ محرم کے لئے اترپردیش میں وسیع تر سیکوریٹی انتظامات

لکھنو
یو این آئی
ماہ محرم کے لئے ریاستی صدر مقام کے پرانے شہر کے حساس مقامات پر وسیع تر سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ لکھنو اور ریاست کے دیگر مقامات پر پولیس فورس کی جانب سے فلیگ مارچ کیا گیا ہے تاکہ مقامی بستیوں کا جائزہ لیا جاسکے اور اس کے علاوہ مخالف سماج عناصر میں خوف پیدا کیاجاسکے ۔ ریاستی ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس (لا اینڈ آرڈر) مکل گویل نے کہا کہ ریپڈایکشن فورس( آر اے ایف) کے بشمول زائد فورسس کی ریاست کے حساس مقامات پر تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ۔ زائد پولیس فورس کوعلی گڑھ ، میرٹھ ، سہارنپور ، الہ آباد اور وارانسی کانپور اور لکھنو بھیج دیا گیا ہے ۔ ماہ محرم آج سے شروع ہوچکا ہے اصل تعزیہ جلوس محرم کی دسویں تاریخ یعنی4نومبر کو نکالا جائے گا ۔ دریں اثناء مسلسل دوسرے سال بھی لکھنو کے زیر انتظامیہ کی جانب سے سنگباری میں ملوث ہونے والے اشرار کی شناخت کے علاوہ مکانات، چھتوں اور راستے بھی معلوم کرنے کے لئے ڈرون کیمرے استعمال کئے جائیں گے ۔ڈرون کیمروں کو زیادہ سے زیادہ موثر بنانے کے لئے ضلع انتظامیہ نے چوک اسٹیڈیم میں ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا ہے ۔ ڈرون کیمرے چھتوں پر رکھی گئی اینٹوں کی بھی تصاویر لیں گے ، جس کے بعد مالکین مکان کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی جائے گی ۔
اس کے علاوہ ضرورت پڑنے پر مالکین مکان کر حراست میں بھی لیاجاسکتا ہے ۔ نگرانی کے لئے استعمال کیے جانے والے ڈرون کیمرے رات میں بھی تصاویر لینے کے قابل ہوں گے ۔ مکل گویل نے کہا یہ ڈرون کیمرے صرف ایک منٹ میں10کلو میٹر کا احاطہ کرسکتے ہیں ۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ راج شیکھر نے توثیق کی کہ محرم کے جلوس کے دوران اگر کسی مکان سے سنگباری کی گئی تو مالکین مکان کو اس کا ذمہ دار قرار دیاجائے گا ۔ سینئرسپرنٹنڈنٹ پولیس پروین کمار نے کہا کہ پرانے شہر کو پانچ زون اور اٹھارہ سیکٹروں میں تقسیم کیا گیا ہے ، جہاں پر عہدیداروں کو دو شفٹوں میں تعینات کیا گیا ۔59مقامات کو حساس قرار دیا گیا ہے ۔ جہاں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ جلوس کے گزرنے کے راستوں پر مکانات کی چھتوں پر پولیس فورس کو تعینات کیاجائیگا۔ ایس ایس پی نے کہا کہ محرم کے دوران لا اینڈ آرڈر کی برقراری کے لئے شیعہ ۔ سنی مذہبی قائدین کا اجلاس منعقد کیا گیا ۔ اس کے علاوہ567افراد کو نوٹس بھی جاری کی گئی ہے، جنہیں مخالف سماج عناصر کے زمرہ میں شامل کیا گیا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں