کے سی آر میڈیا کے خلاف اشتعال انگیز بیانات سے گریز کریں - پریس کونسل آف انڈیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-28

کے سی آر میڈیا کے خلاف اشتعال انگیز بیانات سے گریز کریں - پریس کونسل آف انڈیا

نئی دہلی
پی ٹی آئی
پریس کونسل آف انڈیا (پی سی آئی) کی ایک سہ رکنی کمیٹی نے آج سفارش کی کہ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو اس بات کی ہدایت دی جائے کہ وہ صحافیوں کے خلاف مستقبل میں اشتعال انگیز ریمارکس اور بیانات سے اجتناب کریں ۔ کمیٹی، تین صحافیوں راجیورنجن ناگ، کے امر ناتھ اور کرشنا پرساد پر مشتمل تھی جس کی پریس کونسل آف انڈیا کے صدر نشین جسٹس( ریٹائرڈ) مارکنڈے کاٹجو نے تشکیل عمل میں لائی تھی تاکہ میڈیا کے خلاف کے چندر شیکھر راؤ کی ریمارکس کی تحقیقات کی جاسکیں ۔ کمیٹی نے اپنی تحقیقات میں یہ بات نوٹ کی کہ تلنگانہ کے چیف منسٹر نے ایک عوامی پلیٹ فارم سے میڈیا کے خلاف ریمارکس کیے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر میڈیا اور میڈیا کے لوگوں کو تلنگانہ میں رہنا ہے تو انہیں تلنگانہ عوام کو سلام کرنا ہوگا بصورت دیگر انہیں دفن کردیاجائے گا۔کمیٹی نے کہا کہ ایک عوامی جلسہ میں ایسے بیانات جاری کرنا مناسب نہیں ہے اور تلنگانہ کے چیف منسٹر نے ان بیانات کے ذریعہ دستور کی دفعہ19کے تحت عوام کو حاصل حقوق پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جب کہ دستور کی یہ دفعہ ملک کے ہر شخص کو ا پنے خیالات ظاہر کرنے کی آزادی عطا کرتی ہے۔
اس دفعہ کے تحت ملک کا ہر شہری ملک کے کسی بھی گوشہ میں رہائش اختیار کرسکتا ہے اور اظہار خیال کو پیشے کے طور پر بھی اپنا سکتا ہے ۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ پریس کونسل آف انڈیا اور مرکزی حکومت ، کے چندر شیکھر راؤ کو اس بات کی ہدایت دے کہ وہ میڈیا اور صحافیوں کو دھمکیاں دینا بند کریں کیونکہ انہوں نے اپنے عہدہ کا حلف لیتے ہوئے اس بات کی قسم کھائی تھی کہ وہ دستور ہند کا نہ صرف دفاع کریں گے بلکہ اس کے تحفظ کو بھی یقینی بنائیں گے اور ملک کے قانون پر عمل پیرا رہیں گے ۔کمیٹی نے مزید کہا کہ تلنگانہ کے چیف منسٹر کو اس بات کی ہدایت دی جانی چاہئے کہ وہ میڈیا اور اداروں اور صحافیوں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات جاری کرنے سے خود کو روکیں ۔ وہ میڈیا اداروں کے کام میں بھی کوئی رکاوٹ پیدانہ کریں ، جو عوام کو اطلاعات فراہم کرنے کی ذمہ داری پوری کرتے ہیں ۔ کے سی آر کو اس بات کی ہدایت دی جائے کہ وہ کسی پر بھی جغرافیائی تعلق کی بناء پر اس کے کام کاج پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہ کریں ۔ سہ رکنی کمیٹی کی پیش کردہ رپورٹ آج پریس کونسل آف انڈیا کو روانہ کردی گئی ۔ رپورٹ میں اس بات کی سفارش کی گئی ہے کہ مرکزی حکومت اور پریس کونسل آف انڈیا ، کے سی آر حکومت کو اس بات کی ہدایت دے کہ وہ ریاست میں ایک ایسا ماحول تیار کریں جس میں صحافیوں کو آزادانہ طور پر کام کرنے کاموقع دستیاب ہو۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں