کے سی آر کی 26 نومبر کو امریکی کمپنیوں کے وفد سے ملاقات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-28

کے سی آر کی 26 نومبر کو امریکی کمپنیوں کے وفد سے ملاقات

حیدرآباد
پی ٹی آئی
تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 26نومبر کو یہاں امریکی چیمبر آف کامرس کے ایک وفد سے ملاقات کریں گے ۔ وفد میں ایسی کمپنیوں کے سربراہان شامل ہوں گے جو امریکی چیمبر آف کامرس کے قومی عاملہ بورڈ کے رکن ہے ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ ایک پریس نوٹ میں یہ بات بتائی گئی ۔ بینک آف امریکہ ، ای آئی ڈوپانٹ انڈیا ، ٹیکسٹر ان انڈیا ، لاک ہیڈ مارٹن ، آئی بی ایم اور جی ای انڈیا جیسی کمپنیوں کے سربراہان کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کریں گے ۔ امریکن چیمبر آف کامرس حیدرآباد کے صدر نشین وائی مدن موہن اور نائب صدر نشین کے پانڈیالا نے آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کر کے ان سے درخواست کی کہ وہ امریکی کمپنیوں کے وفد سے ملاقات کریں۔ امریکی چیمبر آف کامرس کے قومی عاملہ بورڈ کا ایک اجلاس حیدرآباد میں26نومبر کو منعقد ہورہا ہے ۔ امریکی چیمبر آف کامرس ایک ایسی اسوسی ایشن ہے جو ان امریکی کاروباری اداروں پر مشتمل ہے جو ہندوستان میں اپنا کاروبار کررہے ہیں ۔
اسوسی ایشن 1992میں قائم کی گئی تھی جس کے تقریباً500ارکان ہیں۔ اس کا ہیڈ کوارٹرس نئی دہلی میں ہے جب کہ ملک کے 5شہروں میں اس کی شاخیں ہیں جس میں حیدرآباد بھی شامل ہے ۔ امریکی چیمبر آف کامرس کے مقاصد میں ایسی سرگرمیوں کو فروغ دینا شامل ہے جن سے ہندوستان میں امریکی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے ۔ اس کے علاوہ اپنے ارکان کی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور استحکام میں بھی یہ ادارہ اہم رول ادا کرتے ہوئے ہند۔ امریکی تجارتی تعلقات کو بڑھاوا دینے کا کام کررہا ہے ۔ حیدرآبادی شاخ میں مختلف شعبوں کی73کمپنیاں اس کی رکن ہیں۔ حیدرآباد چیپٹر کے صدر نشین و نائب صدر نشین نے چیف منسٹر کومطلع کیا کہ امریکی چیمبر آف کامرس کی قیادت آپ سے ملاقات کی خواہاں ہے تاکہ ریاست کی ترقی اور فروغ کے لئے آپ کی ترجیحات اور خیالات سے آگاہی حاصل کرسکے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وفد سے ملاقات پر آمادگی کا اظہار کیا ۔ ایک عشاۂ پر یہ ملاقات ہوگی ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں