رئیل اسٹیٹ شعبہ کے لئے اہم اقدامات - ایف ڈی آئی قواعد میں نرمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-10-30

رئیل اسٹیٹ شعبہ کے لئے اہم اقدامات - ایف ڈی آئی قواعد میں نرمی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مالی قلت سے دوچار رئیل اسٹیٹ انڈسٹری کو تقویت پہونچاتے ہوئے حکومت نے آج کنسٹرکشن کے شعبہ میں ایف ڈی آئی کے قواعد میں نرمی کی اور کم از کم تعمیراتی علاقے اور درکار سرمائے کی حد میں کمی کی اور اگزٹ قواعد میں رعایت دی ۔ کنسٹرکشن ڈیولپمنٹ کے شعبہ میں ایف ڈی آئی کی پالیسی میں ترمیم کی تجویز کومرکزی کابینہ نے منظوری دی۔ کنسٹرکشن اور رئیل اسٹیٹ کے شعبہ میں گزشتہ دو برسوں میں راست غیر ملکی سرمائے کے بہاؤ میں کمی کے پیش نظر کابینہ نے کم از کم فلورا ایریا کو50ہزار مربع فیٹ سے گھٹا کر 20ہزار مربع فیٹ کردیا۔ کابینہ نے کم از کم درکار سرمائے کو بھی دس ملین امریکی ڈالر سے گھٹا کر 5ملین امریکی ڈالر کردیا ہے ۔ سرویسڈ پلاٹس کے ڈیولپمنٹ کے معاملہ میں کم از کم دس ہیکٹر زمین کی شرط پوری طرح سے برخاست کردی گئی۔ ایک سرکاری بیان میں یہ بات کہی گئی ۔اگرچہ ٹاؤن شپس، ہاؤزنگ بلٹ اب انفراسٹرکچر اور کنسٹرکشن کے فروغ کے شعبوں میں2005ء سے سو فیصد راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی اجازت دی گئی تھی لیکن حکومت نے بعض شرائط عائد کی تھیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ان اقدامات سے توقع ہے کہ کنسٹرکشن ڈیولپمنٹ کے شعبہ میں رقم کے بہاؤ میں اضافہ ہوگا ۔ امکان ہے کہ اس سے نئے شعبوں میں سرمایہ کاروں کو راغب کیا جاسکے گا اور سرویس ہاؤزنگ کے لئے پلاٹس کے ڈیولپمنٹ کی حوصلہ افزائی ہوگی ۔ اس کے علاوہ اس قدم سے توقع ہے کہ ملک میں سستے امکنہ کی راہ ہموار ہوگی جس کی کافی زیادہ ضرورت ہے ، اس کے علاوہ اسمارٹ سٹیز کی تعمیر کو بھی فروغ حاصل ہوگا ۔ کابینہ نے تین سال کے لاک ان پیریڈ میں کمی نہیں کی ہے لیکن اس نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پراجکٹ کی تکمیل پر یا قطعی سرمایہ کاری کی تاریخ سے تین سال کے بعد باہر نکلنے کی اجازت دی ۔ حکومت نے کہا کہ یہ رعایت ضروری ہے کیوں کہ اس شعبہ میں ایف ڈی آئی کا بہاؤ کم ہونا شروع ہوگیا ہے جس میں2006اور2007اور2009اور2010ء میں اضافہ دیکھا گیا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ کنسٹرکشن ڈیولپمنٹ کے شعبہ میں سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے ایف ڈی آئی پالیسی میں نرمی اور تبدیلی کی ضرورت محسوس کی گئی اوریہ اس شعبہ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اپریل 2000اور اگست2014ء کے درمیان تعمیر اتی شعبہ میں 23.75بلین ڈالر راست غیر ملکی سرمایہ کاری آئی جو ہندوستان میں مجموعی ایف ڈی آئی کا دس فیصد حصہ تھی ۔ اس دوران حکومت نے گیہوں کے لئے اقل ترین امدادی قیمت میں پچاس روپے کا اضافہ کرتے ہوئے اسے1.450فی کنٹل کردیا تاکہ آنے والے ربیع کے موسم میں کاشت کے لئے کسانوں کی حوصلہ افزائی کی جاسکے ۔ ایک سرکاری بیان میں یہ بات کہی گئی ۔

Government relaxes FDI norms for construction, real estate sector

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں