سعودی عرب پہنچنے پر خارجی عازمین حج کو حفاظتی ٹیکے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-19

سعودی عرب پہنچنے پر خارجی عازمین حج کو حفاظتی ٹیکے

مکہ مکرمہ
اردو نیوز
سعودی وزارت صحت کے اہلکار مملکت پہنچنے پر خارجی عازمین کو حفاظتی ٹیکے پابندی سے لگا رہے ہیں ۔ جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹر نیشنل ایئر پورٹ مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیر پورٹ جدہ اسلامک بندرگاہ اور بری سرحدی چوکیوں پر وزارت صحت کی خصوصی ٹیمیں 24گھنٹے ڈیوٹی دے رہی ہیں ۔ باہر سے آنے والے ضیوف الرحمن کا طبی معائنہ کیاجارہا ہے ۔ آنے والوں سے گردن توڑ بخار کے ٹیکے لگوانے کے سرٹیفکیٹ طلب کئے جارہے ہیں۔ اسی طرح پولیو کے انسداد کے سرٹیفکیٹ بھی چیک کئے جارہے ہیں ۔ وزارت حج کی جانب سے پہلے ہی سعودی سفارتخانوں اور حج مشنوں کے ذریعے عازمین حج کے منتظمین کو سعودی حکومت کی صحت حج پالیسی برائے1435ھ سے مطلع کردیا گیا تھا۔ یہ اہتمام اس لئے کیاجارہا ہے تاکہ اول تو کوئی ایسا عازم حج مملکت نہ پہنچے جو متعدی یا وبائی مرض میں مبتلا ہو، دوم اس لئے کہ مختلف امراض سے بچاؤ کی حتی الامکان تدابیر اختیار کی جائیں گی تو ایسی حالت میں حج جیسے عظیم الشان اجتماع میں کسی بھی بیماری کے پھیلنے کا امکان انتہائی حد تک محدود ہوجائے گا ۔ جدہ ہوائی اڈے پر اب تک43482عازمین کو ٹیکے دئیے جاچکے ہیں ۔ 20ذی قعدہ 1435ھ تک250817عازمین پہنچے ہیں ۔ مدینہ منورہ ہوائی اڈے پر65038عازمین کو حفاظتی ٹیکے دئیے گئے ہیں وہاں281239عازمین پہنچے ہیں ۔ انسداد پولیو کے ٹیکے43611عازمین کو دئیے گئے ہیں جب کہ گردن توڑ بخار کے ٹیکے216884عازمین لو گائے گئے ہیں۔ وزارت صحت نے واضح کیا ہے کہ امسال فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے آنے والے تمام ضیوف الرحمن پر صحت ضوابط پوری قوت سے نافذ کئے جارہے ہیں ۔ ہوائی اڈوں ، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر15ہیلتھ کنٹرول سینٹرز کام کررہے ہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں