پی ٹی آئی
متحدہ عرب امارات ، جموں و کشمیر کے سیلاب متاثرین کے لئے انسانی امدادروانہ کرے گا ، جہاں زائد از ایک صدی بعد بد ترین سیلاب سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔ امارات کے مغربی علاقے میں حکمراں کے نمائندے اور امارات ہلا ل احمر(ای آر سی) کے صدر نشین شیخ ہمدان بن زاید النیہان نے حکام کو حکم دیا ہے کہ وہ سیلاب متاثرین کے لئے فوری انسانی امداد روانہ کریں ۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ڈبلیو اے ایم نے اطلاع دی ہے کہ شیخ ہمدان نے جموں و کشمیر کے سیلاب متاثرین کی بنیادی ضروریات کی تکمیل کے لئے فوری مدد فراہم کرنے کا حکم دیا ہے ۔ واضح رہے کہ اس ریاست میں سیلاب کی وجہ سے زائد از200افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہوئے ہیں ۔ ای آر سی کے سکریٹری جنرل محمد عتیق الفلاحی نے کہا کہ شیخ ہمدان نے متاثرین کے مصائب دور کرنے اور حالات کو بہتر بنانے کے پیش نظر ، یہ حکم دیا ہے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ ہندوستان میں سیلاب کے اثرات کا قریبی جائزہ لیتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای آر سی مقامی بازار سے متاثرین کے لئے امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ ستمبر کے پہلے ہفتہ میں جموں و کشمیر میں موسلا دھار بارش کے سبب ریاست میں املاک اور انفراسٹرکچر کو بڑے پیمانہ پر نقصان پہنچا ہے ۔ چیف منسٹر جموں و کشمیر عبداللہ نے ریاست کے سیلاب کو109برسوں کا بدترین سیلاب قرار دیا ہے ۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں