وائس چانسلر اے۔ایم۔یو کے اعزاز میں سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کی تہنیتی تقریب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-19

وائس چانسلر اے۔ایم۔یو کے اعزاز میں سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کی تہنیتی تقریب


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2014-sep-19

منصف نیوز بیورو
وائس چانسلر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی لیفٹنینٹ جنرل ضمیر الدین شاہ نے مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں کا مستقبل سنوارنے کے لئے انہیں آئی اے ایس، آئی پی ایس اور دیگر مسابقتی امتحانات میں حصہ لینے کی ترغیب دیں، انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے لحاظ سے مسلمانوں کومحکمہ پولیس ، فوج ، نظم و نسق کے اداروں اور دیگر محکموں میں ملازمت حاصل کرنا ضروری ہے ۔ سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کے عہدیداروں نے آج وائس چانسلر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ضمیر الدین شاہ کو مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی واقع بنجارہ ملزمدعو کیا تھا جہاں ان کے اعزاز میں ایک تہنیتی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ صدر نشین سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی و ایڈیٹر انچیف روزنامہ منصف خان لطیف محمدخان اور اعزازی سکریٹری ظفر جاوید نے ان کا خیر مقدم کیا ۔ ظفر جاوید نے سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کی جانب سے چلائے جانے والے تعلیمی اداروں کی تفصیل پیش کی ۔ وائس چانسلر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی لیفٹنینٹ جنرل ضمیر الدین شاہ نے کہا کہ سرسید احمد خان نے مسلمانوں کو جدید دور کی تعلیم میں مہارت پیدا کرنے کا جو نظریہ پیش کیا تھا ، اس پر موثر عمل آوری کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے قیام کا مقصد نہ صرف مسلمانوں کو اہل تعلیم سے آراستہ آراستہ کرنا ہے بلکہ انکے تہذیبی و ثقافتی اقدار کا تحفظ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرسید احمد خان مرحوم کا صرف مغربی اتر پردیش کے مسلمانوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کامقصد نہیں تھا بلکہ انہوں نے تو تمام ہندوستان کے مسلمانوں کو جدید دور کی سائنٹفک تعلیم حاصل کرنے کا مشورہ دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ سرسید احمد خان مرحوم نے جومسلمانوں کو جدید تعلیم حاصل کرنے کی ہدایت دی تھی وہ ان کے خوابوں کو تعمیر عطا کرنے کوشاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلباء کی اکثریت کا تعلق اقلیتی فرقہ سے ہے جنہیں وہ ملک کی دوسری بڑی اکثریت کہتے ہیں کیونکہ اقلیت کی اصطلاح سے احساس کمتری پیدا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے تحت103شعبہ جات ہیں۔ ملک کے مختلف شہروں میں اس کے مراکز قائم کئے گئے ہیں تاکہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سب کے لئے سر چشمہ فیضان ثابت ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی واحد جامعہ ہے جہاں پر رائیڈنگ کلب ہے اور عنقریب گولف کورس بھی تعمیرکیاجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ناتو ٹکنالوجی اور واٹر ٹریٹمنٹ ٹکنالوجی اور سبز انقلاب کے لئے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اپنی مثال آپ ہے ۔ انہوں نے مسلم طلباء کومشورہ دیا کہ وہ کمیونی کیشن اسکل پر توجہ مرکوز کریں اور انگریزی زبان میں مہارت پیدا کریں۔ اس کے ذریعہ انہیں بہترین ملازمتیں حاصل ہوسکتی ہیں ۔ لیفٹنینٹ جنرل ضمیر الدین شاہ نے سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کی خدمات اور اداروں کی کارکردگی و معیار تعلیم کی ستائش کی ۔ انہوں نے مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے مختلف لیابس کا دورہ بھی کیا۔ صدر نشین سلطان العلوم ایجوکیشن سو سائٹی خان لطیف محمد خان نے انہیں ایک مومنٹو پیش کیا ، اس موقع پر سو سائٹی کے نائب صدر نشین محمد ولی اللہ خان ڈاکٹر میر اکبر علی خان ، خیر الدین علیخان ، کیپٹن عزیز بیگ۔ غیاث الدین بابو خان ، عبدالعلیم خان، پروفیسر بشیر احمد ، پروفیسر انوپما اور دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں