نشستوں کی تقسیم پر شیو سینا کو بی جے پی کا الٹی میٹم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-19

نشستوں کی تقسیم پر شیو سینا کو بی جے پی کا الٹی میٹم

نئی دہلی؍ کولہا پور
یو این آئی؍پی ٹی آئی
اپنی دیرینہ اور قدیم حلیف جماعت شیو سینا کے ساتھ تصادم کا راستہ اختیار کرتے ہوئے بی جے پی نے نشستوں کی تقسیم پر الٹی میٹم جاری کیا ہے ۔288اسمبلی نشستوں کے منجملہ 135دینے بیجے پی کے مطالبہ کو شیو سینا کی جانب سے مسترد کئے جانے پر بی جے پی کے سینئر قائدین نے شیو سینا سربراہ ادھو ٹھارکے کو الٹی میٹم دیا ہے کہ وہ آج شام تک اس بات کا فیصلہ کرلیں کہ کیا ان کی پارٹی نشستوں کی تقسیم کے فارمولہ کو باہمی رضامندی اور احترام کے ساتھ قبول کرنے تیار ہے ۔ بی جے پی کا یہ الٹی میٹم اس وقت سامنے آیا جب کولہاپور میں صدر بی جے پی امیت شاہ نے کہا کہ اتحادی جماعت کو اس تعلطل کو ختم کرنے کے لئے فوری کوئی حل تلاش کرنا چاہئے جب کہ انہوں نے واضح کیا کہ بی جے پی عزت نفس کی قیمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔ یہاں ایر پورٹ پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ مہا یوتی (عظیم اتحاد) کو مضبوط اور متحدہونے کی ضرورت ہے تاکہ گزشتہ15سال سے ریاست میں بر سر اقتدار این سی پی۔ کانگریس کی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کیاجاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی مہاراشٹرا میں اس مرتبہ حکومت بنانے جارہی ہے ۔
امیت شاہ ممبئی سے یہاں پہنچے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ طیارے میں، میں نے بی جے پی قائدین دیویندر فڈناویز اور ونود داوڑے سے کہہ دیا ہے کہ وہ جلد از جلد اس معاملہ کو حل کریں اور انہوں نے کہا کہ کوشش کے باوجود بھی انہیں کوئی جواب نہیں مل رہا ہے ۔ امیت شاہ نے کہا کہ میں دونوں جماعتوں سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ بی جے پی جب دو قدم آگے آئی ہے تو دوسری جماعتوں( سینا) بھی دو قدم آگے آنا چاہئے ، تاکہ اس مسئلہ کو حل کیاجاسکے ۔ امیت شاہ نے کہا کہ بی جے پی کارکن چاہتے ہیں کہ یہ معاملہ عزت و احترام کے ساتھ حل ہوجائے ، اگر اتحاد تشکیل دیاگیا ہے تو دونوں جماعتوں کو اتحادی ضابطوں کا احترام کرنا چاہئے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ دونوں جماعتوں میں سے کسی کی بھی عزت نفس کو دھکا نہ پہنچے ۔بعد ازاں امیت شاہ نے اجل واڑہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹرا کو ترقی دینے کے لئے حکومت کی تبدیلی ضروری ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ مہاراشٹرا کی بدعنوان حکومت کو اقتدار سے اکھاڑ پھینکیں ۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا کو نئی حکومت کی ضرورت ہے جس طرح کے قومی سطح پر لوک سبھا انتخابات میں انہوں نے نئی حکومت کوموقع دیا ہے اسی طرح ریاست میں بھی تبدیلی لائیں ۔ انہوں نے کہا کانگریس ۔ این سی پی کے قائدین کروڑہا روپے کی بدعنوانیوں میں ملوث ہیں اور کہا کہ اگر بی جے پی کی حکومت برسر اقتدار آتی ہے تو ان میں سے کئی قائدین کو جیل جانا پڑے گا۔ امیت شاہ نے کہا کہ کبھی مہاراشٹرا کا مقام ملک میں سر فہرست تھا لیکن اب بد عنوانیوں کی وجہ سے یہ پچھڑ رہی ہے۔ امیت شاہ نے این سی پی کے سر براہ و سابق مرکزی وزیر شرد پوار کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

BJP Gives Fresh Ultimatum to Shiv Sena on Seat-Sharing

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں