داخلی عازمین کے لیے حج پیکج کی رقم متعین نہیں کی جائے گی - وزارت حج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-21

داخلی عازمین کے لیے حج پیکج کی رقم متعین نہیں کی جائے گی - وزارت حج

وزارت حج نے واضح کیا ہے کہ داخلی عازمین کے لئے حج پیکیج کی رقم متعین نہیں کی جائے گی البتہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی سرزنش ہوگی ۔ اس سلسلے میں کسی کے ساتھ رعایت روا نہیں رکھی جائے گی ۔ وزارت حج نے خبر دار کیا کہ اندرون مملکت سے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے حج انتظامات کرنے والی کمپنیاں اور اداے مہنگے حج پیکیج رائج کرنے سے گریز کریں ۔ داخلی عازمین کو فریضہ حج کی ادائیگی کے سلسلے میں سہولتیں اور آسانیاں مہیا کریں ۔ حد سے زیادہ مہنگے پیکیج نہ دیں۔ سکریٹری حج ڈاکٹر حاتم قاضی نے الحیاۃ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کی وزارت حج پیکیج کے سلسلے میں داخلی معلمین کو مخصوص رقم لینے کا پابند نہیں بنائے گی۔ ایسا کوئی قانون جاری نہیں کرے گی جس کے تحت داخلی معلمین کو اس بات کا پابندبنایاجائے کہ وہ عازمین حج سے مقررہ رقم وصول کریں اور اس سے زیادہ رقم پر داخلی معلمین سے باز پرس ہوگی ۔ قوانین پامال کرنے والوں کا احتساب ہوگا ۔ وزارت حج کے ترجمان نے کہا کہ ہماری وزارت سستے حج پیکیج جاری کرنے والی کمپنیوں اور اداروں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے اور آسان حج پروگرام کی سرپرستی کی پالیسی پر گامزن ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزارت حج کے نگران ادارے حج قواعد و ضوابط کی پابندی کرانے کے لئے مسلسل تفتیشی دورے کررہے ہیں ۔ بھرپور کوشش اس بات کی ہے کہ کسی بھی داخلی معلم کو حد سے تجاوز کرنے کا موقع نہ ملے۔
وزارت کے دروازے سب کے لئے کھلے ہوئے ہیں۔ اگر کسی کو کسی قسم کی کوئی خلاف ورزی نظر آتی ہے یا کسی کے علم میں ایسی کوئی بات آتی ہے جو قوانین کے منافی ہو تو اسے پیش قدمی کر کے وزارت حج کو مطلع کرنا چاہئے ۔ قاضی نے توجہ دلائی کہ ایک گروپ والے حج پیکیج میں فرق کی وجہ اضافہ خدمات ہے ۔ عمدہ اور منفرد خدمات کے لئے مشاعر مقدسہ میں جگہ زیادہ مختص کرنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ باحہ ریجن کے شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ حج پیکیج مہنگے ہونے کی وجہ سے وہ حج نہیں کرپارہے ہیں۔ ان کا شکوہ یہ بھی ہے کہ داخلی معلمین کی حرکتوں پر نظر نہیں رکھی جارہی ہے ۔ داخلی معلمین ساڑھے 8ہزار سے15ہزار ریال تک کا حج پیکیج جاری کئے ہوئے ہیں۔ اتنی بھاری رقم دیکر حج کرنا بہت مشکل کام ہے ۔ ایک مقامی شہری عبداللہ الغامدی نے کہا کہ میں اپنی والدہ کو حج کرانا چاہتا تھا، تمام داخلی معلمین کے دفاتر کے چکر رمضان سے لگا رہا ہوں ۔ رپورٹ یہ ہے کہ بیشتر داخلی معلمین رمضان کے شروع ہی میں رجسٹریشن بند کرچکے ہیں ۔ دیگر نے شوال میں اندراج بند کردیا۔ڈی گروپ والوں سے8500اور اے گروپ والوں سے16000ریال طلب کئے جارہے ہیں۔ بعض داخلی معلمین کے حج پیکیج نسبتاً کم قیمت کے ہیں لیکن یہ مشاعر مقدسہ میں پرانے خیموں میں حاجیوں کو ٹھہرائیں گے یا وہاں سے دور عمارتوں میں رہائش کا انتظام کریں گے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں