وزیر اعظم نریندر مودیِ صدر اوباما کے خصوصی مہمان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-15

وزیر اعظم نریندر مودیِ صدر اوباما کے خصوصی مہمان

نئی دہلی
یو این آئی
اس مہینہ کے آخر میں اپنے واشنگٹن دورہ کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی امریکی صدر بارک اوباما کے خصوصی مہمان رہیں گے ۔ 25ستمبر سے شروع ہونے والے نریندر مودی کے ایک ہفتہ کے دورہ کو قطعیت دی جارہی ہے ۔ نریندر مودی اس دوران اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے بھی خطاب کریں گے اور بارک اوباما سمیت کئی ممالک کے رہنماؤں سے دو طرفہ تعلقات پر بات کریں گے ۔ اس سے پہلے ان کا یہ دورہ24ستمبر کو طے تھا لیکن اسے ایک روز کے لئے موخر کردیا گیا ۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج اس بات کی توثیق کردی کہ نریندر مودی27ستمبر کو اقوام متحدہ سے خطاب کریں گے ۔ اس طرح وہ دوسرے وزیر اعظم ہوں گے جس نے اقوام متحدہ میں ہندی میں تقریر کی ہو۔ دورہ کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی اپنی بنگلہ دیشی ہم منصب شیخ حسینہ سے بھی ملاقات کریں گے۔
ابھی تک اس بات کے کوئی اشارے نہیں مل پائیں ہیں کہ آیا وہ اپنے پاکستانی ہم منصب سے بھی ملاقات کریں گے ۔ اس موقع پر امریکہ میں مقیم ہندوستانی کمیونٹی ، نریندر مودی کو ایک بڑا عوامی پرجوش استقبال دینے کی تیاری کررہی ہے۔ یہ رسپشن28ستمبر کو نیویارک شہر میں ایک بڑے ہال میں دیاجائے گا جس میں20,000افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے ۔ اس تقریب کے میزبان پہلی ہندوستانی نژاد امریکی مس امریکہ نینا داؤلوری اور نیوز آورس کے ہندوستانی نژاد امریکی اینکر ہری سرینواسن ہوں گے۔29 ستمبر کو وزیر اعظم واشنگٹن کے لئے روانہ ہوں گے جہاں وہ صدر اوباما سے دو طرفہ تعلقات اور افغانستان و عراق سمیت دیگر خطوں میں جاری پیش رفت کے بارے میں بات کریں گے ۔
اس کے دوسرے دن وائیٹ ہاؤز میں بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ بعد ازاں نریندر مودی نائب امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے دئیے گئے لنچ میں شریک رہیں گے ۔ یاد رہے کہ یہ نریندر مودی اور اوباما کی پہلی ملاقات ہوگی ۔ یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہونے جارہی ہے جب پچھلے سال نیو یارک میں ہندوستانی سفارتکار دیویانی کھور گڑے کی امریکہ میں جامہ تلاشی کے معاملہ پر دونوں ممالک کے تعلقات انتہائی نچلی سطح پر ہیں۔ امید ہے کہ یہ دونوں لیڈر معاشی، دفاعی ، سیول نیو کلیر تعاون ، تجارت اور ٹیکنالوجی کے موضوعات پر بات کریں گے ۔ یاد رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا فروغ پچھلے 23سال میں5.6بلین ڈالر سے بڑھ کر63بلین ڈالر ہوچکا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں