11/ستمبر مدینہ منورہ شہلا ہاشمی (اردو نیوز)
پاکستان میڈیکل مشن مدینہ منورہ کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر محمد سجاد عباس کا کہنا ہے روزانہ500کے قریب مریضوں کا معائنہ کر کے انہیں درکار ادویات فراہم کی جاتی ہیں۔ پاکستان ہاؤس نمبر2میں عازمین حج کو طبی سہولیات پہنچانے کے لئے عارضی طور پر مشن کا اسپتال قائم کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف ہمہ وقت موجود ہوتا ہے ۔ اردو نیوز کے ابتدائی دنوں میں مدینہ منورہ میں طبی عملے کی تعداد60کے قریب ہے تاہم عازمین کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ میڈیکل اسٹاف کی تعداد میں بھی اضافہ کردیاجاتا ہے ۔ اسپتال میں طبی شعبے کے حوالے سے سوال پر ڈاکٹر سجاد نے کہا کہ مشن کے مرکزی اسپتال میں مختلف امراض کے ماہر معالجین موجود ہیں جن مین دل کے امراض، جنرل فزیشن ، E.N.Tڈینٹسٹ ، گائنا کولوجسٹ ، ریڈیا لوجسٹ اور دیگر شعبوں کے ماہرین موجود ہیں ۔ ادویات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے ہر برس کی طرح امسال بھی بڑی مقدار میں مختلف اہم ادویات مشن کے اسپتال کو مہیا کی گئی ہیں ضرورت پڑنے پر مزید ادویات مکہ مکرمہ کے میڈیکل مشن سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ ضرورت مندمریضوں کو ایمبولنس سروس کے حوالے سے ڈاکٹرسجاد کا کہنا تھا کہ حج مشن کی جانب سے2گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں جو ایمبولنس کے طور پر کام کرتی ہیں۔ یہ گاڑیاں ایسے مریضوں کے لئے ہیں جو خود اسپتال تک نہیں پہنچ سکتے ، ایسے ضعیف یا بیمار مریضوں کے علاج کے لئے مشن کے ڈاکٹر ز ان کی رہائش تک جا کر ان کا معائنہ کرنے کے بعد ادویات تجویز کرتے ہیں ۔ سعودی وزارت صحت کے بارے میں ڈاکٹر سجاد کا کہنا تھا کہ مقامی امور صحت کے اداروں کی جانب سے مشن کے اسپتال کو بھرپور تعاون حاصل ہے ایسے مریض جن کا علاج مشن کے عارضی اسپتال میں ممکن نہیں انہیں سعودی وزارت صحت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مقامی اسپتال منتقل کردیاجاتا ہے جہاں ان کا بہتر علاج کیاجاتا ہے ۔ مقامی اسپتالوں میں زیر علاج پاکستانی عازمین کی دیکھ بھال کے لئے میڈیکل مشن کے ڈاکٹرز مسلسل مقامی اسپتالوں میں جاتے ہیں تاکہ اپنے مریضوں کے بارے میں مکمل معلومات رکھی جائیں ۔ مقامی اسپتالوں میں داخل پاکستانی عازمین حج کے بارے میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ تیار کی جاتی ہے ۔ سعودی وزارت صحت کی جانب سے حج سیزن میں دنیا بھر سے آنے والے عازمین کو بہترین خدمات فراہم کی جاتی ہیں ۔ ارض حرمین میں مقیم عازمین حج اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں کیونکہ وہ سفر میں ہیں ۔ غیر معیاری خوراک استعمال نہ کریں جب کہ زیادہ دیر تک دھوپ میں نہ ٹھہریں ۔ زیادہ ازدحام والے مقامات پر جائیں تو طبی ماسک کا استعمال ضرور کریں ۔ پانی کثرت سے پئیں جہاں تک ممکن ہو آب زمزم کا استعمال کریں ۔--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں