دہلی کا مدرسہ عالیہ فتحپوری دارالعلوم دیوبند کے سپرد ہوگا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-14

دہلی کا مدرسہ عالیہ فتحپوری دارالعلوم دیوبند کے سپرد ہوگا

دہلی کی شاہی مسجد فتح پوری میں واقع تاریخی مدرسہ عالیہ کو جلد ہی دارالعلوم دیوبند کی شوریٰ کے حوالے کردیاجائے گا۔ اس تجویز کو آج وقف بورڈ کی میٹنگ میں باقاعدہ منظوری دے دی گئی اور آگے کی کارروائی کے لئے سی ای او کو اختیار سونپ دیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر کے سیلاب متاثرین کے لئے20لاکھ روپے کا امدادی سامان مہیا کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔
وقف بورڈ کے چیئرمین چودھری متین احمد نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے وقف بورڈ کی جانب سے20لاکھ روپے کا امدادی سامان ، جن میں دوائیں اور دیگر ضروری سامان ہوگا ، جلد ہی جموں و کشمیر روانہ کیاجائے گا۔ بورڈ کی میٹنگ میں مصیبت کے اس موقع پر جموں و کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا اور وہاں ہونے والے جان و مال کے اتلاف پر افسوس کا اظہار کیاگیا۔
چودھری متین نے بتایا کہ بورڈ نے ایک اہم فیصلہ لیا ہے کہ فتح پوری مسجد واقع مدرسہ عالیہ کی تعلیم کے معیار کو مزید بلند کرنے کے لئے اسے دارالعلوم دیوبند کی شوریٰ کے سپرد کردیاجائے ۔ اس تجویز کو آج بورڈ نے اپنی منظوری دے دی اور دارالعلوم دیوبند کی شوریٰ کے ذمہ داران کے ساتھ اس سلسلے میں آگے کی بات چیت اور تمام کارروائی کے لئے وقف بورڈ کے سی ای او ایس ایم علی کو اختیار دے دیا گیا ہے ۔ وہ جلد ہی اس معاملے میں آگے کی کارروائی کو مکمل کریں گے ۔
دارالعلوم دیوبند نے دہلی وقف بورڈ سے اپنا کوئی مدرسہ اس کے حوالے کرنے کی درخواست کی تھی۔ مدرسہ عالیہ کی تعلیم کے گرتے ہوئے معیار سے وقف بورڈ بھی کافی فکر مند تھا ۔ علاوہ ازیں مدرسہ کے اساتذہ نے بھی یہ تجاویز پیش کی تھیں۔ کہ انہیں یا تو چھٹے تنخواہ کمیشن کی بنیاد پر تنخواہیں ادا کی جائیں یا پھر مدرسہ کو دیوبند کے کسی بڑے مدرسے سے ملحق کردیاجائے ۔ اگر یہ دونوں ہی باتیں ممکن نہ ہوں تو مدرسہ ان کے حوالے کردیاجائے۔ اس لئے بورڈ کے ممبران نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ مدرسہ عالیہ کو دارالعلوم دیوبند کے سپرد کرنا ہی زیادہ بہتر ہوگا۔

--

1 تبصرہ:

  1. السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
    دارالعلوم فتح پوری مدرسہ کا وجود اب ہے یا نہیں اس مدرسے کے بارے معلومات چاہیے

    جواب دیںحذف کریں