کشمیر میں بچاؤ و راحت کا م جنگی پیمانہ پر جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-13

کشمیر میں بچاؤ و راحت کا م جنگی پیمانہ پر جاری

فوج نے آج بتایا کہ جموں و کشمیر کے سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں سے اس نے ابھی تک1,25,000افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے ۔ تقریباً89ٹرانسپورٹ طیارے اور ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیاجارہا ہے ۔ کرنل ایس ڈی گو سوامی نے بتایا کہ فوج نے30ہزار جوانوں کو بچاؤ کاموں کے لئے تعینات کیا ہے ۔ سری نگر کے علاقہ 21ہزار اور جموں کے علاقہ میں9ہزار جوان سیلاب زدگان کو بچانے کی مہم میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ مسلح افواج کے جوان بڑے پیمانہ پر پانی کی بوتلیں اور غذائی پیاکٹس تقسیم کررہے ہیں۔ ابھی تک2لاکھ 98ہزار لیٹر پانی اور 31ہزار غذائی پیاکٹس کے علاوہ533ٹن پکائی ہوئی غذا متاثرین میں تقسیم کی جاچکی ہے ۔ فوج کے ترجمان نے بتایا کہ8,200بلانکٹس اور ایک ہزار خیمے سیلاب زدگان کو فراہم کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ فوج نے اونتی پور ، پٹن، اننت ناگ میں4فیلڈ ہاسپٹل قائم کئے ہیں جہاں21,500مریضوں کا علاج کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ بھٹنڈا میں تمام سہولتوں سے آراستہ فیلڈ ہاسپٹل قائم کیا گیا ہے جہاں 19ٹن ادویات اور دیگر سازو سامان دہلی سے منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ راحت کا مزید سامان، حیدرآباد، احمد آباد، دہلی، پٹنہ ، امرتسر اور چندی گڑھ سے فضائیہ کے طیاروں میں جموں و کشمیر کے لئے منتقل کیاجارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ہیلی کاپڑوں نے1,379پروازیں کرتے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے علاوہ1799ٹن راحتی سامان نیچے گرایا۔ بحریہ کے میرین کمانڈوز ربر کشتیوں کے ذریعہ سیلاب کے علاقوں میں پہنچ گئے ہیں اور سٹلائٹ فونوں کی مدد سے پھنسے ہوئے افراد کا پتہ چلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ کرنل گو سوامی نے بتایا کہ سیلاب کے پانی سے لوگوں کو بچانے کے لئے مزید کشتیوں کی ضرورت ہے ۔ صرف ایک سری نگر اور نواحی علاقوں میں90کشتیاں استعمال کی جارہی ہیں جب کہ پورے سیلاب سے سے متاثرہ علاقہ میں فوج کی224اور قومی آفات سماوی کی148کشتیاں بچاؤ اور راحت کاموں میں مصروف ہیں۔ فوج نے19راحت کیمپ قائم کئے ہیں۔ سری نگر کے بی بی کنٹونمنٹ ، اونتی پور ، اولڈ ایر فیلڈ، سنبل ، چھتر گام ، چیتا مانا مندر کے قریب یہ راحت کیمپ قائم کئے ہیں جہاں ہزاروں کی تعداد میں سیلاب متاثرین کو رکھا گیا ہے ۔پانی کی سربراہی کو بحال کرنے کے لئے وشاکھا پٹنم سے انجینئروں کو طلب کرلیا گیا ہے جب کہ بی ایس این ایل کا عملہ ٹیلی فون خدمات اور مواصلات کو بحال کرنے میں مصروف ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں