مہاراشٹرا میں زعفرانی اتحاد کو بچانے کی کوششیں جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-22

مہاراشٹرا میں زعفرانی اتحاد کو بچانے کی کوششیں جاری

ممبئی
پی ٹی آئی؍ یو این آئی
مہاراشٹرا میں 25سال قدیم بی جے پی، شیو سینا اتحاد کو ٹوٹ سے بچانے کے لئے بی جے پی نے پارٹی کا ہنگامی سیشن طلب کیا جس کی صدارت وزیر اعظم نریندر مودی نے کی۔ قومی دارالحکومت نئی دہلی میں منعقدہ اس اجلاس میں شیو سینا کے ساتھ اتحاد برقرار رکھنے کے مختلف طریقوں پر غوروخوض کیا گیا۔ اجلاس میں صدر پارٹی امیت شاہ کے بشمول سینئر پارٹی قائدین نے شرکت کی ۔ اسی دوران شیو سینا نے اپنی حلیف کو تازہ پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی مہاراشٹرا کے288کے منجملہ151حلقوں پر مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے جب کہ گزشتہ مرتبہ اس نے169حلقوں پر مقابلہ کیا تھا۔ سینا کے سربراہ ادھے ٹھاکرے نے بی جے پی کو نشستوں پر سمجھوتہ کا آخری فارمولہ دیتے ہوئے کہا کہ شیو سینا151نشستوں پر مقابلہ کرے گی، جب کہ بی جے پی کو119حلقے دئیے جائیں گے ۔ دیگر چھوٹی حلیف جماعتوں کو18حلقے چھوڑے جاسکتے ہیں ۔ٹھاکرے نے صاف الفاظ میں کہا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی سے اتحاد کی برقراری کا یہ میجک فارمولہ ہے۔ رنگ شردھا آدیٹوریم میں پارٹی عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے ٹھاکرے نے کہا کہ بی جے پی کے ساتھ اتحاد کی برقراری ان کی خواہش ہے جس کے لئے انہوں نے نشستوں کی تقسیم کا یہ فارمولہ پیش کیا ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ25سال قدیم اتحاد’’ہندو‘‘ مسئلہ پر وجود میں آیا تھا اور سابق پارٹی سربراہ بال ٹھاکرے نے ریاست میں زعفرانی رنگ کی حکومت کا خواب دیکھا تھا ۔ وہ اس خواب کی تعبیر چاہتے ہیں۔ ٹھاکرے نے کہا کہ اب یہ آخری فارمولہ ہے ۔ اگر بی جے پی اس کیلئے راضی ہوتی ہے تو پھر اتحاد برقرار رہے گا ورنہ شیو سینا تنہا انتخابات لڑنے کے لئے تیار ہے ۔ نئی دہلی میں بی جے پی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں یہ فارمولہ پیش کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی نے عملاً یہ فارمولہ مسترد کردیا اور کم از کم130حلقوں پر اپنا دعویٰ پیش کرتے ہوئے ایسے59حلقوں کا بھی مطالبہ کیا ہے جس پر اس کی قدیم حلیف نے ماضی میں مقابلہ کیا تھا لیکن کبھی کامیاب نہیں ہوئی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق بی جے پی کم ازکم130حلقوں کے مطالبہ پر اٹل ہے اور59حلقوں کی تبدیلی کی ضرورت پر بھی زور دے رہی ہے جہاں سے سینا کبھی کامیاب نہیں ہوئی ۔ بی جے پی نے کل رات تک135حلقوں کا مطالبہ برقرار رکھا تھا لیکن سینا کی جانب سے نیا فارمولہ پیش کرنے کے بعد اس نے مزید5حلقے کم کردئیے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بی جے پی چیف منسٹر کے عہدہ کو ذہن میں رکھتے ہوئے130.140کے فارمولہ پر زور دے رہی ہے ۔
ذرائع کے مطابق سینا کے فارمولہ سے بی جے پی خوش نہیں ہے ۔ اس بات کا امکان برقرار ہے کہ مہاراشٹرا میں قدیم زعفرانی اتحاد ختم ہوسکتا ہے ۔ قانون ساز کونسل میں قائد اپوزیشن ونود تاؤڑے نے کہا کہ سینا کو کوئی بھی فارمولہ میڈیا کے بجائے راست دینا چاہئے۔ انہوں ںے کہا کہ پارٹی نے شیو سینا سے ایسے59حلقوں کا مطالبہ کیا ہے جہاں سے وہ کبھی نہیں جیتی ۔ اسے چاہئے کہ ان حلقوں سے کوشش کرنے کا ہمیں موقع دے ۔ اسی دوران اسمبلی میں قائد اپوزیشن ایکناتھ کھڈسے نے وزیر اعظم نریندر مودی پر سامنا میں کسی جانے والی تنقیدوں پر اعتراض کیا اور کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقیدیں برداشت نہیں کی جائیں گی ۔ کھڈسے اور تاوڑے دونوں ہی نے کہا ہے کہ اتحاد کو برقرار رکھنا شیو سینا اور بی جے پی دونوں کی ذمہ داری ہے۔ نشستوں کی تقسیم کا مسئلہ میڈیا کے ذریعہ نہیں بلکہ راست بات چیت کے ذریعہ حل کیاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں بی جے پی نے شیو سینا کے مقابل زیادہ فیصد سے نشستیں جیتی ہیں۔ لوک سبھا انتخابات مین4ماہ قبل پارٹی کے بہترین مظاہرہ کے بعد وہ ریاست میں جونیر پارٹنر بن کر نہیں رہ سکتے ۔ اس کے باوجود پارٹی نے سینا کو140حلقے دیتے ہوئے130نشستوں پر اکتفا کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔

Last-ditch effort to save saffron alliance in Maharashtra

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں