وزارت حج نے جمرات کی رمی منظم شکل میں کرانے کی پابندی لگا دی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-19

وزارت حج نے جمرات کی رمی منظم شکل میں کرانے کی پابندی لگا دی

مکہ مکرمہ
اردو نیوز
وزارت حج نے مشاعر مقدسہ میں کام کرنے والے معلمین کے اداروں پر پابندی عائد کی ہے کہ رمی منظم شکل میں کرانے کے لئے حاجیوں کو قافلوں کی شکل میں جمرات بھیجا جائے ۔ تمام ادارے آپس میں ربط و ضبط پیدا کریں ایسا نہ ہو کہ سارے ادارے ایک ساتھ ہی اپنے حاجیوں کو رمی کے لئے روانہ کردیں ۔ ایسا کرنے سے جمرات کے پل پر غیر معمولی اژدہان اور س سے سلامتی کے خطرات پیدا ہوسکتے ہیں ۔ ممکن ہے کہ بھگدڑ یا ایک دوسرے کو دھکا دینے کا ماحول بھی پیدا ہوجائے ۔ الوطن اخبار کے مطابق غیر عرب افریقی ممالک کے حجاج کے ادارہ معلمین نے فیلڈ سروس گروپوں کو ہدایت کردی ہے کہ وہ رمی کے لئے وزارت حج کے مقرر کردہ قواعد و ضوابط کی پابندی کریں۔ اپنے یہاں سے کسی بھی حاجی کو نظام الاوقات کی خلاف ورزی نہ کرنے دیں ۔ حاجیوں کو رمی کے لئے جاتے وقت سامان نہ لے جانے دیں ۔ بچوں، بوڑھوں اور وہیل چیئرز لیجانے کی اجازت نہ دیں ۔ ادارہ کے چیئرمین عبدالواحد سیف الدین نے بتایا کہ جمرات کی رمی حج کا اہم عمل ہے ، اسے منظم کرنا اشد ضروری ہے ۔ یہ کام کسی ایک ادارے کا نہیں بلکہ سب کا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے رمی کو منظم کرنے کے لئے ذمہ داران کو تربیتی کورس کرا دیا ہے ۔ ادارہ چاہتا ہے کہ اس کے اہتمام میں حج کرنے والے آرام وراحت اور سکون و اطمینان کے ساتھ تمام حج کام انجام دیں۔ جمرات کمیٹی کے نائب نگراں اعلیٰ ڈاکٹر محمد زمزمی نے کہا کہ حاجیوں کو انفرادی شکل میں جمرات جانے سے روکا جائے ۔ ایک گروپ میں250سے زیادہ حاجی نہ ہوں ۔ قافلے کے آگے آگے رہنما تعینات ہوں ۔ ہر گروپ کا رہنما خود کو دوسرے سے نمایاں کرنے کے لئے امتیازی علامت ساتھ رکھنے کا اہتمام کرے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں