صدر چین کے 3 روزہ دورۂ ہند کا گجرات سے آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-18

صدر چین کے 3 روزہ دورۂ ہند کا گجرات سے آغاز

احمدآباد
پی ٹی آئی
صدر چین زی جنپنگ نے آج اپنے سہ روزہ دور�ۂ ہند کا آغاز وزیر اعظم ہندر نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات سے کیا۔ اس دورہ کے آغاز کے تھوڑی ہی دیر بعد دونوں ممالک کے درمیان ایسے3معاہدوں پر دستخط ہوئے جو گجرات پر مرکوز ہیں ۔ مہمان قائد جب ایر چائنا کے خصوصی طیارے کے ٖذریعہ طیران گاہ احمدآباد پر اترے تو ان کا سرخ قالین خیر مقدم کیا گیا۔ جن پنگ کے ساتھ ایک وفد بھی ہے ، صدر چین کی آمد کے موقع پر مختلف مقامات پر بڑے بڑے خیر مقدمی بورڈس لگائے گئے ہیں ۔ اس سہ روزہ دورہ کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا ہے ۔ علاوہا زیں دونوں قائدین مختلف اہم مسائل بشمول سرحدی تنازعہ پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ یہ دورہ مودی کی64ویں سالگرہ کے موقع پر کیاجارہا ہے ۔ تینوں معاہدوں پر دستخط مودی اور زی جن پنگ کی موجودگی میں ہوئے ۔ قبل ازیں وزیر اعظم مودی نے شہر کی حیات ہوٹل کے باب الداخلہ پر مہمان قائد کا خیر مقدم کیا ۔ جن پنگ کی اہلیہ لائی یوان ہلکے گلابی رنگ کے روایتی چینی لباس میں ملبوس تھیں ۔ مودی نے صدر چین اور ان کی شریک حیات کو گلدستے پیش کئے ۔ جن پنگ کے دورۂ ہند کی پہلی منزل کے طور پر گجرات کا انتخاب پروٹوکول سے انحراف کی علامت ہے اور مبصرین کی دانست میں یہ دورہ دونوں قائدین کے درمیان گرمجوشانہ تعلقات کی علامت ہے ۔
طیران گاہ احمدآباد پر آمد کے بعدمہمان جوڑے کو گارڈ آف آنر پیش کیاگیا اور روایتی گجراتی رقص کا اہتمام کیا گیا۔ جن3معاہدوں پر دستخط ہوئے ان میں سے ایک معاہدہ چین کے گوانگ زہوسٹی اور احمدآباد کو ’’سسٹر سٹیز‘‘ بنانے سے متعلق ہے۔ مزید برآں ریاست گجرات میں صنعتی پارکس قائم کئے جائیں گے ۔ دو صوبوں کے درمیان تہذیبی اور سماجی تعلقات کے فروغ کے لئے چین کے صوبہ کوانگ ڈانگ اور حکومت گجرات کے درمیان معاہدہ ہوا ہے ۔ صنعتی پارکس کے قیام سے متعلق معاہدہ پر دستخط چائنا ڈیولپمنٹ بنک(سی ڈی بی) اور حکومت گجرات کے انڈسٹریل ایکسنشن بیورو نے کئے ۔ یہ معاہدہ باہمی تجارت کو فروغ دینے گجرات میں صنعتی پارکس قائم کرنے اور بالخصوص الیکٹرانک اور برقی اشیاء کی تیاری کے سلسلہ میں ہے ۔ گوانگ زہوسٹی اور احمدآباد کے درمیان جس یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوئے ہیں اس کے ذریعہ دونوں شہروں کو’’سسٹر سٹیز‘‘ میں تبدیل کیاجائے گا ۔ آج دستخط کردہ معاہدوں کی رو سے گجرات اور چین کے درمیان نظریات اور خدمت کے تبادلہ کی سہولت ہوگی ۔ ان معاہدوں پر دستخط کے موقع پر مودی اور زی جن پنگ کے علاوہ ریاستی چیف منسٹر آنندی بین پٹیل اور ان کے کابینی رفقاء چینی وفد کے ارکان اور گجرات سے تعلق رکھنے والے کئی ممتاز تاجرین موجود تھے ۔ سابر متی آشرم کے دورہ کے بعد مہمان قائد اور ارکان وفد نے دریا کے کنارے چہل قدمی کی اور وہاں تہذیبی جشن کے حصہ کے طور پر منعقدہ مشہور روایتی گربار قص کا مشاہدہ کیا۔
احمدآباد سے آئی اے این ایس کی علیحدہ اطلاع کے بموجب صدر چین زی جن پنگ نے آج یہاں سابر متی آشرم کا دورہ کیا اور بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا ، مہمان لیڈر چرخہ کاتنے کے لئے اس مقام پر ننگے پیر بیٹھ گئے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر اہم شخصیتوں نے سابر متی آشرم میں جن پنگ کا استقبال کیا ۔ باخبر ذرائع نے بتایا کہ صدر چین کو ہندوستان کی جدو جہد آزادی اور تاریخی ڈنڈی مارچ پرمبنی(سیاہ و سفید)فوٹو گراف نمائش کا بھی معائنہ کرایا گیا ۔ گاندھی جی کی مشہور عوامی تحریک دانڈی مارچ12مارچ1930ء کو سابرمتی آشرم سے شروع ہوئی تھی ۔ برطانیہ کے نمک قانون کے خلاف احتجاج کے لئے مہاتما گاندھی اور ان کے78رفقاء نے ایک ایسا مارچ منظم کیا تھا جس کی نظیر نہیں ملتی ۔ بتایاجاتا ہے کہ آج زی جن پنگ نے ہردے کنج میں جہاں مہاتما گاندھی رہا کرتے تھے، اپنے جوتے اتارے اور چرخے کاتنے کے لئے فرش پر ننگے پیر بیٹھ گئے ۔ نریند ر مودی بھی ان کے ساتھ شامل ہوگئے ۔، جس وقت مہمان قائد نے سابر متی آشرم کا دورہ کیا وہ کھادی کا جیاکٹ اور شرٹ پہنے ہوئے تھے ۔ صدر چین نے آشرم کی کتاب الرائے میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔ اس وقت پس منظر میں بھجن’’رگھوپتی راگھو راجہ رام‘‘ کی گونج سنائی دے رہی تھی ۔ مودی اور چیف منسٹر گجرات آنندی بین پٹیل نے صدر چین کی گلپوشی کی ۔ پھولوں کے یہ ہار، کھادی کے دھاگوں سے بنائے گئے تھے ۔وزیر اعظم نریندر مودی نے زی جن پنگ کو سابرمتی آشرم کی جانب سے شائع کردہ کتاب ’’گاندھی ان امداواد(احمدآباد) مہاتما گاندھی کے چرخہ کامثنی اور مشہور ڈانڈی مارچ کی تاریخی تصویر پیش کی ۔ زی جن پنگ اور مودی کچھ دیر کے لئے ہردے کنج میں بیٹھے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں