ضمنی انتخابات - فرقہ پرستوں کو سبق سکھانے کا صحیح وقت - ملائم سنگھ کی اپیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-13

ضمنی انتخابات - فرقہ پرستوں کو سبق سکھانے کا صحیح وقت - ملائم سنگھ کی اپیل

سماجوادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو نے اتر پردیش کی11اسمبلی اور ایک لوک سبھا نشست پر ضمنی انتخابات کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب عوام کے لئے وقت آچکا ہے کہ وہ یہ بتادیں کہ وہ ریاست میں فرقہ وارانہ طاقتوں کو بڑھتے ہوئے دیکھنا نہیں چاہتے ۔ ملائم سنگھ یادو نے پی ٹی آئی کو فون پر یہ بتایا کہ ضمنی انتخابات بے حد اہم ہیں، آندھی آئے یا طوفان عوام کو کل(پولنگ کے دن) کثیر تعداد میں آگے آنا چاہئے تاکہ وہ یہ بتا سکیں کہ وہ فرقہ وارانہ طاقتوں کو بڑھتے دیکھنا نہیں چاہتے ۔ انتخابات میں فرقہ پرست طاقتوں کی شست سے یہ واضح پیام ملے گا کہ عوام فرقہ وارانہ نفرت نہیں بلکہ امن چاہتے ہیں ۔ کل مین پوری کی لوک سبھا سیٹ کے علاوہ جو ملائم سنگھ نے خود چھوڑی ہے، اسمبلی کی11نشستوں کے لئے پولنگ ہوگی۔ ان نشستوں میں سہارنپور سٹی، بگنور ، ٹھاکر وارڑہ ، نوئیڈا، نگھاسن، لکھنو ایسٹ، حمیر پور، چرکھری، سراتھو، بلہا اور روہنیا شامل ہیں ۔ ان گیارہ نشستوں کے منجملہ دس بی جے پی نے چھوڑیں ہیں جب کہ ایک نشست(روہنیا) بی جے پی کی حلیف جماعت اپنا دل نے چھوڑی ہے کیونکہ ان کے ارکان اسمبلی نے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوگئے تھے ۔ ملائم سنگھ نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی سیاسی مفاد کے لئے ریاست میں فرقہ وارانہ انتشار پید اکررہی ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کے ذریعہ اسے سبق سکھائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت کسی بھی صورتحال سے نمٹنے تیار ہے اور ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو درہم برہم کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دے گی ۔ یہ صحیح وقت ہے کہ عوام کوئی موقف اختیار کریں ۔ سماج وادی پارٹی سربراہ نے کہا کہ بی جے پی حکومت اچھے دنوں کے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ بی جے پی حکومت مہنگائی اور کرپشن پر قابو پانے اور ہمارے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ پاکستان کئی مرتبہ ہمارے علاقہ میں داخل ہوا ہے لیکن حکومت اسے روکنے سے قاصر رہی ہے ۔ اعظم گڑھ کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ نریندر مودی حکومت بیرونی بینکوں میں جمع کالا دھن واپس لانے کے اپنے وعدہ کو بھی پورا کرنے میں ناکام رہی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں