متاثرین سیلاب کے لئے 200 کروڑ کا ریلیف پیکیج - عمر عبداللہ کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-13

متاثرین سیلاب کے لئے 200 کروڑ کا ریلیف پیکیج - عمر عبداللہ کا اعلان

چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر میں آئے بد ترین سیلاب سے متاثرہ عوام کے لئے200کروڑ روپے کے امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے اور ہر مہلوک کے قریبی رشتہ دار کو3.5لاکھ روپے امداد دینے کا بھی اعلان کیا ہے ۔ عمر عبداللہ نے طیران گاہ سری نگر پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بے گھر ہونے والے افراد کے لئے مکانات کی دوبارہ تعمیر کی ابتدائی قسط کے طور پر75ہزار روپے کی رقمی امداد کا بھی اعلان کیا ۔ مہلوکین کے قریبی رشتہ داروں کو دئیے جانے والے ایکس گریشیا میں قبل ازیں وزیر اعظم نریندر مودی کے معلنہ2لاکھ روپے بھی شامل ہوں گے ۔ چیف منسٹر نے بتایاکہ متاثرین کو6ماہ تک راشن مفت فراہم کیاجائے گا ۔ جس میں50کلو چاول شامل رہیں گے۔ حکام سے خواہش کی گئی ہے وہ اس سلسلہ میں دستاویزات کی فراہمی پر اصرار نہ کریں ۔ ریاستی حکومت کے متعدد فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ریاستی وزیر فینانس عبدالرحیم راتھر کی قیادت میں6سینیئر وزراء کی ایک ٹیم،اس ریاست میں آفت سماوی(سیلاب) کے بعد کی صورتحال سے وزیر اعظم کو واقف کرانے کے لئے دہلی بھیجی گئی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کے ڈسٹریس ریلیف فنڈ سے معلنہ200کروڑ روپے امداد میں سے100کروڑ روپے جموں کے لئے اور 100کروڑ روپے کشمیر کے لئے دئیے جائیں گے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ متاثرین کو یہ امداد نقدی دی جائے جیسا کہ2005ء میں اری میں آئے زلزلہ کے موقع پر اور لداخ میں بادل پھٹنے کے موقع پر کیا گیا تھا۔ اس میں حکومت کا زیادہ رول نہیں ہوگا، عوام خود اپنے مکانات تعمیر کریں گے ۔‘‘‘ عمر عبداللہ نے اعلان کیا کہ سرکاری ڈپوز سے سمنٹ اور ٹمبر کا انتظام کیاجاسکتا ہے ۔ اور اسٹیل اتھاریٹی آف انڈیا لمٹیڈ کی جانب سے اسٹیل فراہم کیاجاسکتا ہے ۔ چیف منسٹر نے صورتحال پر غور کے لئے13ستمبر کو ایک کل جماعتی اجلاس طلب کیا ہے اور کہا ہے کہ ’’ہم ریاست میں ریلیف اور امدادی اقدامات می بہتری کے لئے دیگر جماعتوں سے تجاویز طلب کریں گے ۔ ادعا جات کے تصفیہ کے لئے ریاست میں انشورنس کیمپوں کے قیام کے بارے میں پوچھے جانے پر چیف منسٹر نے مرکز سے خواہش کی کہ انشورنس کمپنیوں کو ہدایت دی جائے کہ یہ کمپنیاں معاوضہ کا فیصلہ کرتے وقت سیلاب سے نقصانات کا احاطہ کریں ۔

Omar Abdullah announces relief package for flood victims

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں