آسنسول کے بارہ بنی علاقے میں تین ہزار لوگ بی جے پی میں شامل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-21

آسنسول کے بارہ بنی علاقے میں تین ہزار لوگ بی جے پی میں شامل

آسنسول
ایس این بی
ایک جانب ریاستی سطح پر ترنمول کانگریس بی جے پی کے خلاف بیداری مہم چلارہی ہے تو دوسری جانب بی جے پی ریاستی صدر راہل سنہا آسنسول کے سہ روزہ دورہ پر ہیں ۔ دوسرے دن راہل سنہا نے بارہ بنی میں عظیم الشان جلسہ عام کیا اور ترنمول کانگریس کے سابق بلاک صدر مونو رائے اور ان کے بیٹے ارجیت رائے طلبہ یونین جنرل سکریٹری ترنمول بی بی کالج دونوں نے ترنمول سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے راہل سنہا کے ہاتھوں بارہ بنی کے نوبی گرام میں جلسہ عام کے میدان میں منچ پر ایک ہزار سے زائد رضا کاروں کے ہمراہ بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ۔ اس کے علاوہ کانگریس ، ترنمول اور سی پی ایم سے آس پاس کے گاؤں کے مزید دو ہزار لوگوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ۔ اس موقع پر ریاستی لیڈر کرشنا بھٹا چاریہ ، آسنسول کے ممبر پارلیمنٹ بابل سپریو ، بارہ بنی بلاک بی جے پی صڈر کیشٹو بدناتھ گوسوامی ، بردوان ضلع صدر بی جے پی ڈاکٹر نرمل کرمکار ، جنرل سکریٹری شنکر چودھری وغیرہ بھی موجود تھے ۔
اس موقع پر راہل سنہا نے پارٹی رضا کاروں کے عزائم کو بلند کرتے ہوئے اپنی تقریر میں نعرہ لگایا کہ آج آسنسول کی سرزمین کے بارہ بنی بلاک سے یہ اشارہ مل رہا ہے کہ 2016میں ریاستی حکومت بی جے پی تشکیل دے گی۔ انہوں نے بارہ بنی کے تناظر میں ترنمول رضاکاروں کی غنڈہ گردی کو شمار کرایا اور کہا کہ یہاں غیر سماجی عناصر کا دور دورہ ہے ۔ اسلحہ کی نوک پر گاڑیاں لوٹ لی جاتی ہیں۔ مونو رائے اور ارجیت رائے نے ترنمول کانگریس سے علیحدگی کیا اختیار کی کہ پولیس نے ان کے گھر پر پہرہ بٹھا دیا اور گھر کو قبضہ میں لے لیا ہے اور دونوں کی گرفتاری کی تاک میں ہے ۔ انہوں نے پولیس کو چیلنج کیا کہ اگر ہمت ہے تو آئے اور ان لوگوں کو گرفتار کرے ، آج دونوں منچ پر موجود ہیں ۔
اتنی بڑی تعداد میں مختلف سیاسی جماعتوں سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے کے عوامی جلسہ سے بی جے پی کے رضاکاروں کے عزائم زبردست طریقے سے بلند ہوئے اور تنظیم وک مزید منظم اور مضبوط کرنے کے عزائم کا اظہار کیا گیا ۔ ریاست میں پھیلی بد امنی ، بد عنوانیوں کو بھی شمار کرایا گیا یہاں تک کہ خواتین کے خلاف رونما ہونے والے جرائم میں بھی ترنمول کانگریس رضا کاروں کے ملوث ہونے سے ان کی گھناؤنی حرکتوں کا اندازہ کیاجاتا ہے ۔ بارش اور بادل کی گھن گرج کے دوران بی جے پی کا پروگرام کامیا ب رہا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں