اردو اکادمی دہلی کے سالانہ ایوارڈز کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-21

اردو اکادمی دہلی کے سالانہ ایوارڈز کا اعلان

نئی دہلی
ایس این بی
اردو اکادمی دہلی کے سالانہ ایوار(2013کے لئے) کا اعلان کردیاگیا ہے ۔ اعلان کے مطابق کل ہند بہادر شاہ ظفر ایوارڈ ممتاز دانشور عثمانیہ یونیورسٹی(حیدرآباد) کی سابق صدر شعبہ اردو پروفیسر سیدہ جعفر کو جب کہ دتاتریہ کیفی ایوارڈ معروف ادیب پروفیسر شمیم حنفی کو دیا جائے گا۔ یہ دونوں ایوارڈ ڈیڑھ لاکھ روپے سند اور مومنٹو پر مشتمل ہیں ۔ ان دونوں ایوارڈوں کے علاوہ دہلی والوں کے لئے مخصوص6ایوارڈز کا بھی اعلان کیا گیا ہے ۔
تحقیق تنقید کا ایوارڈ ڈاکٹر خاور ہاشمی کو، تخلیقی نثر کا ایوارڈ افسانی نگار اقبال مہدی کو ، شاعری کا ایوارڈ ممتاز شاعر فرحت احساس کو، اردو صحافت کا ایوارڈ معروف صحافی و مصنف سہیل انجم کو ، اردو ترجمہ کا ایوارڈ ڈاکٹر ارجمند آرا( دہلی یونیورسٹی) کو جب کہ اردو ڈرامہ کا ایوارڈ معروف ڈرامہ نگار شاہد انور کو دیاجائے گا۔ متذکرہ6ایوارڈز 50ہزار روپے نقد، سند اور مومنٹو پر مشتمل ہیں۔ جلسہ تقسیم ایوارڈ کی تاریخ کا فی الحال اعلان نہیں کیا گیا ہے مامید کی جارہی ہے کہ یہ تقریب جلد ہی منعقد ہوگی جس میں مذکورہ تمام لوگوں کو سرفراز کیاجائے گا ۔
غور طلب ہے کہ اردو اکادمی دہلی کے سربراہ لیفٹنینٹ گورنر نجیب جنگ نے اکادمی کے وائس چیئرمین پروفیسر خالد محمود کی زیر صدارت منعقدہ ایوارڈ ایکزیکٹیو کمیٹی کی نشست میں لئے گئے فیصلے کی توثیق کی تھی جسکے بعد ان اعلانات کا اعلان کیا گیا ہے ۔ غور طلب ہے کہ پروفیسر سیدہ جعفر تقریباً دو درجن تنقیدی و تحقیقی کتابوں کی مصنفہ ہیں تو وہیں پروفیسر حنفی متعدد کتابوں کے مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ ڈرامہ نگار وں اور شعراء میں بھی اپنا منفرد مقام رکھتے ہیں ۔ اس طرح ڈاکٹر خاور ہاشمی علامہ شبلی نعمانی ، سر سید احمد خان اور مولانا ابوالکلام آزاد پر تحقیقی کام کے لئے اردو حلقے میں خاص طور پر مقبول ہیں جب کہ اقبال مہدی کے درجنوں افسانے ملکی و بیرون ممالک کے اہم رسائل و جرائد میں شائع ہوچکے ہیں ۔ ان کا افسانوں پر مشتمل مجموعہ بھی شائع ہوچکا ہے ۔ جہاں تک تعلق فرحت احساس کا ہے تو وہ اپنے ہم عصروں میں نفسیات و جذبات کو بے حد خوبصورتی سے اپنی شاعری میں پرونے کے لئے خاصے مشہور ہیں ۔ ان کے دو مجموعہ کلام ’میں رونا چاہتا ہوں‘اور شاعری نہیں ہے یہ، شائع ہوچکے ہیں ۔
سہیل انجم ان صحافیوں میں شمار ہوتے ہیں جو اتنی مصروفیات کے باوجود15کتابیں لکھ چکے ہیں جن میں سے ایک حال ہی میں شائع ہوئی ہے۔ وہ وائس آف امریکہ کی اردو سروس کی گزشتہ 12برس سے دہلی میں نمائندگی کررہے ہیں۔ اسی طرح ڈاکٹر ارجمند آرا (سینئر اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ اردو، دہلی یونیورسٹی) ایک درجن کتابوں کی مترجم ہونے کے ساتھ ساتھ تقریباً90مضامین بشمول ترجمہ اردو، ہندی اور انگریزی میں شائع کرانے کا اعجاز رکھتی ہیں۔ پریس انفارمیشن بیورو(پی آئی بی) میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر شاہد انور10اوریجنل ڈراموں کے مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ درجنوں ایڈیپٹیشن کے محرر اور کئی ڈراموں کے ہدایت کار ہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں