چندرابابو نائیڈو پر اسمبلی میں اپوزیشن کی آواز کو دبانے کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-09

چندرابابو نائیڈو پر اسمبلی میں اپوزیشن کی آواز کو دبانے کا الزام

وائی ایس آر کانگریس رکن اسمبلی ویشویشورریڈی نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو اسمبلی میں اپوزیشن کی آواز کو دباتے ہوئے من مانی فیصلے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، کسانوں کے قرض کی معافی پر آج تک کوئی قطعی فیصلہ نہیں کرسکی ۔ جب کہ عوام سے جھوٹے وعدے کر کے تلگو دیشم پارٹی نے اقتدار حاصل کیا اور اب بر سر اقتدار آنے کے بعد وہ اپنے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں کو فراموش کرچکی ہے ۔ ویشویشورریڈی نے مطالبہ کیا ہے کہ کسانوں کو ان پٹ سنسبڈی فراہم کی جائے انہوں نے کہا کہ کسان پہلے ہی قرض کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ اور وہ قرضوں کی معافی کے تعلق سے حکومت کے فیصلے کا انتظار کررہے ہیں ۔ قائد وائی ایس آر کانگریس نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ رائلسیما ، ساحلی آندھرا کو خصوصی پیکیج دے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے دارالحکومت کے معاملہ میں وزیر اعلیٰ چندربابو نائیڈو ، مرکز پر دباؤ ڈالنے میں ناکام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے دارالحکومت کے اعلان سے قبل ایوان اسمبلی میں مباحث کی ضرورت تھی لیکن وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو نے ارکان کی تجاویز اور مشورے لئے بغیر خود اپنے طور پر فیصلہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش میں عوامی مسائل پر اسمبلی میں قائد اپوزیشن جگن موہن ریڈی کو اظہار خیال کا موقع نہیں دیا گیا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو عوام کو دھوکہ دینے میں ماہر ہیں۔ وہ وعدوں پر عمل آوری کرنے والے قائد نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چندرابابو نائیڈو کی وجہ سے ہی ریاست میں عوامی مسائل میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ اور انہیں کی وجہ سے سیما آندھرا علاقہ میں حالات کشیدہ ہورہے ہیں ۔، ان تمام باتوں کے ذمہ دار چندرابابو نائیڈو ہی ہیں ۔
ویشویشورریڈی نے کہا کہ آندھرا پردیش ، ریاستی اسمبلی کے سیشن کے دوران محض وقت برباد کیا گیا اور عوام کے مسائل کو برفدان کی نذر کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کسان طلبہ ، خواتین سب اپنے مسائل کی یکسوئی کے لئے اسمبلی سیشن سے امید رکھے ہوئے تھے لیکن انہیں کچھ بھی حاصل نہیں ہوا ۔ قائد وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے کہا کہ چندرابابو نائیڈو نے عوام کو دھوکہ دے کر اقتدار حاصل کیا ہے اور عوام ہی انہیں سبق سکھا ئیں گے۔ چندرابابو نائیڈو ، آندھرا پردیش کو سنگاپور کے خطوط پر ترقی دینے کی بات کررہے ہیں جب کہ وہ خود اپنے حلقہ نمائندگی کو تاحال ترقی سے ہمکنار نہیں کرسکے اور وہاں زبانی خرچ کے سوا کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی عوام کے جذبات اور احساسات کا احترام کرتی ہے اور عوامی فلاح وبہبود کو یقینی بنانے کے لئے ممکنہ جدو جہد کرتے ہوئے عوام کو چندرابابو نائیڈو کی اصلیت سے بھی واقف کروائے گی۔

YSRCP says TDP govt. accusing opposition to downplay its inefficiency

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں