تلنگانہ کی تعمیر نو کے لئے سنگا پور کا تعاون طلب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-09

تلنگانہ کی تعمیر نو کے لئے سنگا پور کا تعاون طلب

تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج نوتشکیل شدہ ریاست کی تعمیر نو کے لئے سنگا پور کا تعاون طلب کیا۔ سنگاپور کے ایک سینئر وزیر اور سابق وزیر اعظم گوہ چوک ٹونگ نے آج یہاں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر چندر شیکھر راؤ نے سنگا پور کے وزیر سے تلنگانہ کی تعمیر نو میں تعاون طلب کیا۔ دونوں قائدین کے درمیان ملاقات کے دوران ترقی اور سرمایہ کاری سے متعلق مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ سنگا پور کے وزیر ایک وفد کے ہمراہ یہاں پہنچے ۔ کے سی آر نے گوہ چوک ٹونگ کو بتایا کہ گزشتہ ماہ انہوں نے سنگا پور کا دورہ کیا اور وہ اس ملک کی تیز رفتار ترقی سے بے حد متاثر ہوئے ۔ انہوں نے سنگاپور کے وزیر کو یہ بھی بتایا کہ اس دورہ سے انہیں تلنگانہ کی ترقی کے لئے نیا حوصلہ ملا ہے۔ کے سی آر نے بتایا کہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری اور صنعت دوست حکومت موجود ہے اور وہ مختلف شعبوں میں پالیسیاں تیار کررہی ہے ۔ دونوں نے ایک اور آپسی ملاقات پر رضاندی کا اظہار کیا تاکہ تلنگانہ اورسنگاپورکے مشترکہ پروگراموں کو قطعیت دی جاسکے ۔

دریں اثنا منصف نیوز بیورو کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی حکمرانی کے آج100دن مکمل ہوگئے ہیں ۔ اس دوران انہوں نے کئی ترقیاتی اور بہبودی اقدامات کا دعویٰ کیا ہے لیکن بعض تنازعات کا شکار ہوئے ہیں اور بعض پر تنقید بھی کی گئی ہے ۔ ان کی حکومت کے ابتدائی تین ماہ میں یہ کوشش رہی ہیں کہ عوام میں تاثر پیدا کریں کہ یہ اپنی تلنگانہ کی حکومت ہے ۔ اس دوران سب سے بڑا اقدام19اگست کو ایک لاکھ چھ کروڑ گھرانوں کا سروے کروانا سب سے بڑا کام رہا۔ حکومت کا یہ دعویٰ رہا ہے کہ عوامی فلاحی اقدامات کی عمل آوری میں سہولت کے لئے یہ سروے کیا گیا ہے تاکہ حکومت کامالیہ صرف مستحق افراد تک ہی پہنچ سکے ۔ سروے کا یہ پورا کام15ستمبر تک مکمل کرلیاجائے گا۔ انتخابی وعدے کو پورا کرتے ہوئے کسانوں کے قرضوں کی معافی کا کام تیزی سے جاری ہے اور اس ہفتہ کے آخر تک چالیس لاکھ کسانوں کے17ہزار کروڑ روپے معاف کردیے جائیں گے ۔ گزشتہ سال شدید بارش اور ژالہ باری سے متاثرہ کسانوں کو چار سو70کروڑ روپے کی امداد بھی شامل ہے ۔ دلت خاندانوں کو فی کس تین ایکر زمین ، چالیس ہزار کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ کرنا،1969سے 2014تک تلنگانہ تحریک میں شہید ہونے والے افراد خاندان کو فی کس دس لاکھ روپے کی امداد ، معذورین کو1500روپے کے وظیفہ کی اجرائی، مسلمانوں کو12فیصد تحفظات کے لئے کمیشن کا قیام، عیسائیوں کے لئے تین فیصد تحفظات ، مسلم خاندانوں کی لڑکیوں کی شادیوں کے لئے 51ہزار روپے کی امداد کی اسکیم کا اعلان شامل ہے ۔

KCR seeks Singapore's help for Telangana's reconstruction

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں