وزیراعلیٰ ہریانہ کی تشہیری مہم - کروڑہا روپے سرکاری فنڈس کا استعمال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-09

وزیراعلیٰ ہریانہ کی تشہیری مہم - کروڑہا روپے سرکاری فنڈس کا استعمال

ہریانہ میں آئندہ ماہ اسمبلی انتخابات مقرر ہیں اور شاید اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے چیف منسٹر بھوپیندر سنگھ ہوڈا نے100کروڑ روپے کی اشتہاری مہم شروع کی ہے ، جس پر وہ عوامی رقم بے دریغ لٹا رہے ہیں ۔ ان کے اس اقدام پر ہریانہ کی دیگر سیاسی جماعتیں بھی اپنے اشتہاری بجٹ میں اضافہ کرنے پر مجبور ہوگئی ہیں۔ حکومت ہریانہ کی جانب سے ہوڈا کی شبیہ کو بہتر بنانے کی یہ کوشش الیکشن کمیشن کی جانب سے ہریانہ اسمبلی انتخابات کے رسمی اعلان سے بچنے کے لئے کی گئی ہے ۔ توقع ہے کہ انتخابات اکتوبر کے وسط میں ہوں گے اور الیکشن کمیشن آئندہ ہفتہ اس کا اعلان کرسکتا ہے ۔ ہوڈا کی انتخابی مہم نے ریاست کی دیگر بڑی سیاسی جماعتوں کو اپنے انتخابی بجٹ پر نظر ثانی پر مجبور کردیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ جماعتیں ہوڈا کی انتخابی مہم کا مقابلہ کرنے500تا600کروڑ روپے اکٹھا کرنے پر مجبور ہوگئی ہیں۔ چاہے قومی، علاقائی یا مقامی ٹی وی چینل ہوں یا پھر اخبارات یا سوشل میڈیا ہو ، ہر طرف ہوڈا کے چرچے ہورہے ہیں اور بڑے ٹی وی اشتہارات ، جنگلس اور پوسٹرس کے ذریعہ ہوڈا کی تشہیر کی جارہی ہے ۔ حکومت ہریانہ کے محکمہ تعلقات عامہ کی جانب سے یہ سلسلہ گزشتہ4ماہ سے جاری ہے ۔ باخبر ذرائع نے بتایا کہ ہوڈا اور ان کے لڑکے و رکن پارلیمنٹ دپیندر ہوڈا کے قریبی مددگاروں نے خانگی ایجنسی کے ذریعہ کروڑہا روپے مالیتی ٹی وی اشتہارات ، جنگلس اور پوسٹرس تیار کرائے ہیں ۔ ہر یانہ کے ایک مشہور کانگریسی لیڈر کی ملکیت نیوز چینل کو زیادہ سے زیادہ ٹی وی اشتہارات جاری کیے جارہے ہیں ۔ انتخابات سے عین قبل حکومتِ ہریانہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر مصارف پر ایک تنازعہ پیدا ہوگیا ہے ۔ پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کرتے ہوئے عدالت کو اس معاملہ سے واقف کرادیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ہوڈا کے لئے عوامی رقومات کا بے دریغ اوربے جا استعمال کیاجارہا ہے ۔

Wastage of public fund: Haryana's politicians try to match up to Hooda's Rs 100 crore ad-campaign

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں