میدک ضمنی انتخاب - آج رائے دہی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-13

میدک ضمنی انتخاب - آج رائے دہی

تلنگانہ کے حلقہ لوک سبھا میدک اور اے پی کے حلقہ اسمبلی نندی گاما کے ضمنی انتخابات کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ کل صبح7تاشام6بجے رائے دہی کے لئے انتخابی حکام نے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں ۔ ریاست کی تقسیم کے بعد تلنگانہ اور اے پی میں یہ پہلے انتخابت ہیں جن کے آزادانہ اور منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے وسیع تر انتظامات روبہ عمل لائے گئے ہیں ۔ چیف الیکٹورل آفیسر بھنور لال نے بتایا کہ دونوں حلقوں میں صبح7بجے رائے دہی کا آغاز ہوجائے گا جو شام6بجے تک جاری رہے گا۔ حلقہ لوک سبھا میدک کی باوقار نشست کے لئے 15.43لاکھ ووٹرس اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کریں گے ۔ آنجہانی وزیر اعظم اندرا گاندھی ایک مرتبہ اس حلقہ سے نمائندگی کرچکی ہیں ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤاور ان کی اہلیہ سدی پیٹ منڈل کے اپنے آبائی موضع چنتا مڈکا میں اپنے حق ووٹ سے استفادہ کریں گے ۔ میدک ضمنی انتخابات کے لئے14امیدوار میدان میں ہیں تاہم مقابلہ سہ فریقی ہے ۔ ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی کی کامیابی کے امکانات روشن دکھائی دیتے ہیں کیونکہ ٹی آڑ ایس ہنوز تلنگانہ لہروں پر سوار ہے اور عوام سمجھتے ہیں کہ ٹی آر ایس ہی تلنگانہ کو ترقی یافتہ ریاست میں تبدیل کرسکتی ہے ۔ پربھاکر ریڈی کے مقابلہ بی جے پی ۔ تلگو دیشم اتحاد کے امیدوار جگا ریڈی اور کانگریس پارٹی امیدوار سنیتا لکشما ریڈی ہیں۔ مزید2امیدوار چھوٹی پارٹیوں سے تعلق رکھتے ہیں ۔ جب کہ9آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں۔ اس حلقہ میں پر امن انتخابات کے لئے10ہزار سیکوریٹی جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ پولنگ کے لئے4ہزار سرکاری ملازمین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جنہیں انتخابی ڈیوٹی پر مقرر کیا گیا ہے ۔1617پولنگ اسٹیشنوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ووٹوں کی گنتی 16ستمبر کو ہوگی ۔ میدک ضمنی انتخاب کے لئے کل شام انتخابی مہم کا اختتام عمل میں آیا۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کا سختی کے ساتھ نفاذ عمل میں لایا گیا ۔ پولیس نے مختلف مواقع پر تلاشی کے دوران زائد از ایک کروڑ روپے اور5ہزار لیٹر شراب ضبط کرلی۔ انتخابی مہم کے آخری دن مرکزی وزراء ، ڈی وی سدانند گوڑا اور پرکاش جاؤڈیکر نے بی جے پی امیدوار کے لئے مہم چلائی جب کہ ریاست کے سینئر کانگریس قائدین بشمول تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر پونالا لکشمیا ، سابق مرکزی وزیر جئے پال ریڈی، اسمبلی میں قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی اور دیگر نے پارٹی امیدوار سنیتا لکشما ریڈی کی تائید میں مہم چلائی۔ ٹی آر ایس امیدوار کی تائید میں ریاستی وزراء ٹی ہریش راؤ اور کے تارک راما راؤ نے مہم چلائی ۔ ٹی ہریش راؤ اس مہم کے انچارج تھے ۔
چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ نے بھی ضلع میدک میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا جس میں کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی ۔ حلقہ لوک سبھا کا ضمنی انتخاب تینوں پارٹیوں کے لئے ایک چیالنج ہے ۔ تینوں پارٹیوں نے اسے اپنے وقار کی جنگ بنالیا ہے ۔ اسی دوران کل ضلع کرشنا کے نندی گاما حلقہ اسمبلی میں بھی پولنگ ہوگی ۔ یہاں4امیدوار میدان میں ہیں جب کہ یہ حلقہ درج فہرست ذاتوں کے لئے محفوظ ہے ۔ تلگو دیشم نے ٹی سومیا کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ اس حلقہ کے تلگو دیشم رکن اسمبلی ٹی پربھا کر راؤ کی موت پر یہ ضمنی انتخاب ناگزیر ہوگیا تھا ۔ تلگو دیشم نے پربھا کر کی دختر سومیا کو ٹکٹ دیا ہے ۔ سومیا کا راست مقابلہ کانگریس پارٹی امیدوار بابو راؤ سے ہے۔ دیگر د و امیدوار آزادانہ حیثیت سے انتخاب لڑ رہے ہیں ۔ اے پی میں اصل پوزیشن وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے کوئی امیدوار میدان میں نہیں اتارا اور کہا کہ وہ مہلوک رکن اسمبلی کے ارکان خاندان کی تائید کے رواج کا احترام کرتی ہے ۔

Voting today in Medak Lok Sabha by-poll election

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں