عہدیداروں نے بتایا کہ اگر پراجکٹ پر کامیابی سے عمل آوری ہوتی ہے تو حیدرآباد ، ملک کا پہلا وائی فائی سے لیس شہر ہوگا ۔ اسی دوران پی ٹی آئی کے بموجب حکومت تلنگانہ نے آج شہر کے تین باوقار اداروں کے ساتھ ایک مختلف معاہدو ں پر دستخط کیے تاکہ ایک انکوبیشن سنٹر کی تعمیر عمل میں لائی جاسکے ۔ انکوبیشن سنتر کی تعمیر کا مقصد دارالحکومت حیدرآباد میں صنعتکاری کو تیزی عطا کرتا ہے ۔ اس سلسلہ میں آئی آئی آئی ٹی ، انڈین اسکول آف بزنس اور نیشنل اکاڈمی آف لیگل اسٹڈیز اینڈ ریسرچ( نلسار) کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کیے گئے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ نے کہا کہ انکوبیشن سنٹر ایک اعلیٰ معیاری سہولت ہوگی ۔ یہ صرف تلنگانہ کے لئے نہیں بلکہ ساری دنیا کے لئے ہوگی ۔ انکو بیشن سنٹر کا پہلا مرحلہ آئندہ6ماہ میں شروع ہوجائے گا جب کہ ٹریپل آئی ٹی کیمپس میں80ہزار مربع فٹ پر اس کا قیام عمل میں آئے گا جہاں700تا800شروعاتی کمپنیاں کام کریں گی ۔ آئندہ دو برسوں میں یہ مرکز ایک علیحدہ مقام پر منتقل ہوجائے گا جس کے لئے3لاکھ مربع فٹ جگہ کی حامل ایک شاندار عمارت تعمیر کی جائے گی جہاں1500شروعاتی کمپنیوں کو جگہ فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی حکومت تلنگانہ اکیڈمی آف اسکل اینڈ نالج کا قیام بھی عمل میں لارہی ہے تاکہ طلباء پڑھائی کی تکمیل کے ساتھ ہی بیرون ممالک میں ملازمتیں حاصل کرسکیں ۔ تارک راما راؤ نے مزید کہا کہ موجودہ الکٹرانک مینو فیکچرنگ کلسٹرس کا ہر ممکن طریقہ سے بہتر استعمال کیاجائے گا ۔ ایک برطانوی کمپنی ، شہر میں اپنے دفاتر کا آغاز کرنے والی ہے ۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ حکومت تلنگانہ ، حیدرآباد کو انفارمیشن ٹکنالوجی کی سب سے اعلیٰ منزل میں تبدیل کرنے کی خواہاں ہے اور اس سلسلہ میں مختلف اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔
انفارمیشن ٹکنالوجی انوسٹمنٹ ریجن(آئی ٹی آئی آر) کے بارے میں پوچھے جانے پر تارک راما راؤ نے بتایا کہ وہ15ستمبر کو مرکزی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سے ملاقات کرکے اس سلسلہ میں مرکز کے منصوبوں سے واقفیت حاصل کریں گے۔ واضح ہو کہ مرکزی حکومت نے حیدرآباد میں انفارمیشن ٹکنالوجی انوسٹمنٹ ریجن کے قیام کا اعلان کیا تھا ۔ آئی ٹی صنعت کی اعلیٰ ترین باڈی ناسکام نے تخمینہ پیش کیا تھا کہ حیدرآباد میں قائم کیے جانے والے آئی ٹی آئی آر کے ذریعہ15تا20برسوں کے دوران دو لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوسکتی ہے ۔ آئی ٹی آئی آر کا پہلا مرحلہ آئندہ5سال میں مکمل کرلیاجائے گا ۔ تارک راما راؤ نے مزید بتایا کہ حیدرآبار میں پہلے سے موجود آئی ٹی کمپنیاں اپنی توسیع کرتی جارہی ہیں۔ہندستان کی سب سے بڑی آئی ٹی کمپنی ٹاٹا کنسلٹنسی سرویسس(ٹی سی ایس) نے یہاں اپنا یونٹ تعمیر کرتے ہوئے25ہزار ملازمتوں کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔ دیگر عالمی کمپنیاں جیسے ہانگ کانگ شنگھائی بینکنگ کارپوریشن(ایچ ایس بی سی) امیزان اور گوگل بھی حیدرآباد میں اپنی سرگرمیوں کو مسلسل وسعت دے رہی ہیں۔
Tenders to be called for making Hyerabad WiFi enabled
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں