بہار وزیر اعلیٰ جتن مانجھی کے پوجا کرنے کے بعد مندر کو دھویا گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-30

بہار وزیر اعلیٰ جتن مانجھی کے پوجا کرنے کے بعد مندر کو دھویا گیا

نئی دہلی
پی ٹی آئی
چیف منسٹر بہار جتن رام مانجھی کے پوجا کرنے کے بعد ایک مندر کی صفائی کے واقعہ کو شرمناک قرار دیتے ہوئے مزکری وزیر رام ولاس پاسوان نے آج اس امر پر تعجب کا اظہار کیا کہ دلت قائد نے پولیس کو خاطیوں کی گرفتاری کا حکم کیوں نہیں دیا ۔ پاسوان نے جو خود بھی مانجھی کی طرح ایک دلت لیڈر ہیں ، کہا کہ ملک میں چھوت چھات پر عمل کرنا جرم ہے ۔ کسی عام شہری کے ساتھ بھی ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ جب کوئی چیف منسٹر یہ کہتا ہے کہ اس کے دورہ کے بعد مندر کی صفائی کی گئی تو اس سے زیادہ شرمناک بات کچھ نہیں ہوسکتی ۔ انہیں فوری پولیس کو طلب کرنا چاہئے تھا اور انہیں اس مقام پر دھاوا کرنے کا حکم دینا چاہئے تھا ۔ انہیں خاطیوں کو جیل بھیج دینا چاہئے تھا ۔ رام ولاس پاسوان ، وزیر اعظم نریندر مودی کی سووچھ بھارت مہم کے ایک حصہ کے طورپر فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کے باہر صفائی انجام دے رہے تھے ۔ اسی دوران انہوں نے نامہ نگاروں سے یہ بات کہی ۔ مانجھی نے جو ایک مہا دلت ہیں کل کہا تھا کہ چند ماہ قبل ضمنی انتخابات کے دوران انہوں نے ایک مندر میں پوجا کی تھی اور ان کے جانے کے بعد ضلع مدھوبنی میں واقع مندر کو دھویا اور پاک کیا گیا تھا ۔ انہوں نے ریاست میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا مہادلتوں اور سماج کے کمزور طبقات کے خلاف ایک گہری سازش جاری ہے ۔ میں خود ذات پات کی بنیاد پر تعصب کا شکار بنا ہوں ۔ چیف منسٹر بہار نے یہ بھی کہا کہ سرکاری مشنری میں بھی دلتوں کے خلاف تعصب پایاجاتا ہے اور سماج کے کمزور طبقات کی بہبودی کے کام میں رکاوٹ ڈالی جاتی ہے ۔

Temple washed after Bihar Dalit CM visit

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں