ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی پر عوامی مہر ثبت - کے سی آر کی پریس کانفرنس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-17

ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی پر عوامی مہر ثبت - کے سی آر کی پریس کانفرنس

حیدرآباد
پی ٹی آئی
حلقہ لوک سبھا کے ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاستی حکومت کی کارکر دگی کی عوام کی جانب سے توثیق قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ3ماہ کے دوران جو کام کیا ہے ، آج کی کامیابی اس پرمہر ثبت کرتی ہے۔ ضمنی انتخاب کا نتیجہ جاری ہونے کے بعد یہاں تلنگانہ بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے چندر شیکھر راء نے کہا کہ ٹی آر ایس کو ضمنی انتخابات میں بھی عوام کی تائید حاصل ہوئی ہے جب کہ ملک کی کسی بھی پارٹی کو جس نے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی، ضمنی انتخاب میں اکثریت حاصل نہیں ہوئی۔ کے چندر شیکھر راؤ نے میدک کے رائے دہندوں اور پارٹی قائدین و کارکنوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی اپنے تمام انتخابی وعدے پورے کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں جس پارٹی نے کامیابی حاصل کی تھی اسے ضمنی انتخابات میں عوام کی تائید حاصل نہیں ہوئی اور صرف ٹی آر ایس کو عوامی تائید حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے مثال دی کہ تجرات کے حلقہ ودودرا سے بی جے پی امیدر کو شکست کا سامنا کرنا پڑا حالانکہ اس حلقہ سے قبل ازیں وزیر اعظم نریندر مودی کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔ کے چندر شیکھر راؤ نے کانگریس، تلگو دیشم اور بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ تمام اپوزیشن پارٹیاں ، کسی حقیقی بنیاد کے بغیر ریاست کی ٹی آر ایس حکومت کو مسلسل حملوں کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ وہ حکومت کے ہر کام اور ہر قدم پر نقص نکالنے کی کوشش کرتی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ان جماعتوں کو اپنا طرز عمل مثبت اور تعمیری بنانا چاہئے۔ اس بات کا احساس ظاہر کرتے ہوئے ان کی حکومت گزشتہ تین ماہ کے دوران ریاست کی ترقی کے لئے منصوبہ بندی میں مصروف رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ کئی سرکاری فلاحی پروگراموں کا آئندہ ماہ دسہرہ تہوار سے آغاز کر دیاجائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن پارٹیاں چاہتی ہیں کہ اسمبلی کا اجلاس ہنگامی طور پر منعقد کیاجائے لیکن نو تشکیل شدہ ریاست کو اے پی کی تنظیم جدید ایکٹ کی رو سے اس بات کی سہولت حاصل ہے کہ وہ اپنا بجٹ2دسمبر تک منظور کر سکتی ہے انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت تمام انتخابی وعدے پورے کرے گی جن میں کسانوں کے قرض کی معافی بھی شامل ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کے چندر شیکھر راؤ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ٹی آڑایس مجوزہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں بھی شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔
ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں تیقن دیا ہے کہ وہ ریاستوں کے درمیان کوئی امتیاز نہیں برتیں گے۔ نمائندہ منصف کے بموجب کے چندر شیکھر راؤ نے ضمنی انتخاب میں کامیابی کے لئے پارٹی قائدین بالخصوص وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ، ڈپٹی اسپیکر پدما دیوندر ریڈی، ارکان کونسل، ارکان اسمبلی، اور اقلیتی قائدین سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان ہی قائدین کی بدولت حلقہ میدک سے زبردست کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دسہرہ سے کئی فلاحی اسکیموں کا آغاز کیاجائے گا۔ غریبوں کو سفید راشن کارڈ پر موجود ہ مقدار سے زیادہ چاول سربراہ کئے جائیں گے۔ انہوں نے میڈیا کو تنقید کا نشانہ بنایا جس نے ٹی آر ایس امیدوار پربھا کر ریڈی کے خلاف مہم چلائی تھی۔ کے سی آر نے کہا کہ میڈیا کی جانبدارانہ مہم کے باوجود ٹی آر ایس کو کامیابی حاصل ہوئی ہے جس کا مطلب عوام ٹی آر ایس پر بھروسہ کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت، پوری ریاست کی ہمہ گیر ترقی کویقینی بنائے گی اور دارالحکومت حیدرآباد کو سلم علاقوں سے پاک کر دے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں حیدرآباد کو عالمی معیاری شہر کے طور پر فروغ دیاجائے گا۔

TRS wins Medak LS seat

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں