تلگو دیشم حکومت کے 100 دن مکمل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-17

تلگو دیشم حکومت کے 100 دن مکمل

حیدرآباد
پی ٹی آئی
آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈونے جنہوں نے آج اے پی حکومت کے 100دن مکمل کرلئے ، کہا کہ وہ اپنے اقتدار کے 100دن کی تکمیل پر کوئی جشن نہیں منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی حکومت کے اولین100دن کی تکمیل پر کوئی جشن نہیں منا رہا ہوں ، میرا واحد مقصد بحران سے دوچار ریاست کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنا ہے ۔ این چندرابابو نائیڈو نے آج دوپہر منعقدہ ایک تقریب میں یہ بات کہی ۔ انہوں نے اس موقع پر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی شائع کردہ ایک کتابچہ کا رسم اجرا انجام دیا ۔ یہ کتابچہ اے پی میں تلگو دیشم حکومت کے 100دن کی تکمیل کو یاددگار بنانے کے لئے شائع کی ا گیا ۔ پیش لفظ میں چیف منسٹر آندھرا پردیش نے کہا کہ ہم نے اپنی حکومت کے پہلے 100 دن مکمل کرلئے ہیں ۔ اہمیت کے حامل ان دنوں میں ہم نے ریاست کے لئے پالیسیاں مرتب کرنے کا مشکل کام انجام دیا۔ ہمیں اس بات کا ادراک ہوا کہ ہمار ایک قدم ریاست کا مستقبل بنانے کے لئے ایک مضبوط سنگ بنیاد کاکام کرے گا ۔ نائیڈو نے اے پی کے چیف منسٹر کی حیثیت سے 8جون وک حلف لیا تھا ۔ انہوں نے اپنا ایک ویژن مرتب کیا ہے جس کے تحت وہ آندھرا پردیش کو2022تک ملک کی سر فہرست تین ریاستوں میں شامل کرنا چاہتے ہیں جب کہ2029ء تک وہ اے پی کو ملک کی نمبر ایک ریاست میں تبدیل کرنے کے خواہاں ہیں۔ اسی دوران حکومت آندھرا پردیش نے مرکزی وزارت برقی کے ساتھ آج ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کیے جس کی رو سے 2اکتوبر سے ریاست کو24گھنٹے برقی سربراہ کی جائے گی ۔ پاور فار آل، اسکیم کے تحت حکومت آندھرا پردیش نے تمام شعبوں کو 24گھنٹے برقی سربراہی کا فیصلہ کیا ہے ۔ دہلی اور راجستھان کے بعد اے پی ملک کی تیسری ریاست ہو گی، جہاں سوائے شعبہ زراعت کے ہر ایک شعبہ کو24گھنٹے برقی سربراہ کی جائے گی ۔ ریاستی حکومت نے ضلع وشاکھا پٹنم میں 20ہزار کروڑروپے کی سرمایہ سے 4ہزار میگا واٹ گنجائش کے حامل الٹرا میگا تھرمل پاور پراجکٹ کی تعمیر کے لئے نیشنل تھرپل پاور کارپوریشن (این ٹی پی سی) کے ساتھ بھی ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کیے۔ این ٹٰ پی سی کے صدر نشین اروپ رائے چودھری اور ریاست کے سکریٹری توانائی اجئے جین کے درمیان مرکزی ملکتی وزیر توانائی پیوش گوئل اور چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈوکی موجودگی میں یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوئے ۔
ریاستی حکومت نے عظیم الشان پراجکٹ کی تعمیر کے لئے این ٹی پی سی کو ضلع وشاکھا پٹنم میں 1200ایکر اراضی مختص کی ہے ۔ امکان ہے کہ2019-20تک پراجکٹ کی تعمیر مکمل ہو جائے گی ۔ اور وہ قوم کے نام معنون کر دیاجائے گا ۔ ریاست کے علاقہ رائلسیما میں بھی3سولار پاور پارکس کے قیام کے لئے ریاستی اور مرکزی حکومتوں کے درمیان یادداشت ہائے مفاہمت پر دستخط کیے گئے۔ ان پارکس کے ذریعہ جملہ2500میگا واٹ برقی پیدا کی جائے گی ۔

Chandrababu Naidu’s government completes 100 days in Andhra

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں