شاردا اسکام - سابق ڈی جی پی آسام شنکر بروا نے خود کشی کر لی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-18

شاردا اسکام - سابق ڈی جی پی آسام شنکر بروا نے خود کشی کر لی

Former-Assam-DGP-Shankar-Barua
گوہاٹی
پی ٹی آئی
آسام کے سابق ڈائرکٹر جنرل پولیس (ڈی جی پی)شنکر بروا نے آج اپنی قیام گاہ میں مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر خود کشی کرلی ۔ گزشتہ ماہ سی بی آئی نے شاردا اسکام کے سلسلہ میں ان کی قیام گاہ کی تلاشی لی تھی ۔ گوہاٹی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس( ایس ایس پی) اے پی تیواری نے کہا کہ شنکر بروا کو آج دوپہر لگ بھگ12بجے فوری ایک مقامی نرسنگ ہوم کو لے جایا گیا جہاں انہیں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا ۔ تیواری نے بتایا کہ’’بروا اب اس دنیا میں نہیں رہے ۔ ہم تحقیقات کررہے ہیں ۔ سردست ہم کچھ نہیں کہہ سکتے ۔ تحقیقات کے بعد ہی تفصیلات کے بارے میں ہم اظہار خیال کرسکتے ہیں ۔‘‘ بتایاجاتا ہے کہ بروا نے اپنے سر پر گولی چلائی تھی ۔ ان کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔ بروا کے خاندان کے ذرائع نے بتایا کہ شاردا اسکام سے ان کا نام مبینہ طور پر جوڑے جانے کے بعد سے وہ(بروا) افسردگی کا شکار تھے۔ گزشتہ ہفتہ انہوں نے سینہ میں درد کی شکایت کی تھی جس کے بعد ایک مقامی ہسپتال میں ان کا علاج کیاجارہا تھا ۔ آج ہی صبح انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا۔’’ وہ اپنے گھر پہنچے اور آدھے گھنٹہ کے اندر ہی مکان کی چھت پر جاکر ایک پستول سے خود پر گولی چلادی۔ ارکان خاندان نے انہیں فوری ایک قریبی ہسپتال پہنچایا۔‘‘ بروا کے ارکان خاندان نے مزید بتایا کہ ’’بروا سے متعلق ٹی وی چیانلوں کے نان اسٹاپ کوریج کے سبب وہ بہت برہم تھے۔‘‘ اسی دوران دہلی میں سی بی آئی کے ترجمان نے کہا ہے کہ سی بی آئی نے آسام کے سابق ڈی جی پی سے نہ تو پوچھ تاچھ کی تھی اور نہ ہی ان کے نام سمن جاری کی اتھا ۔ بروا کا نام اسکام سے اس وقت جوڑا گیا جب یہاں شاردا کے میڈیا ہاؤز کے ایک ملازم نے سال گزشتہ الزام لگایا کہ بروا نے آسام میں بعض افراد کو ’’تحفظ‘‘ فراہم کیا تھا۔

Raided in Saradha scam case, former Assam DGP Shankar Baruah commits suicide

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں