کول اسکام میں سی بی آئی ڈائرکٹر کو سپریم کورٹ کی نوٹس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-10

کول اسکام میں سی بی آئی ڈائرکٹر کو سپریم کورٹ کی نوٹس

2Gکیس میں بعض ملزمین کو مبینہ طور پر بچانے کی کوششوں کے الزام پر سی بی آئی ڈائرکٹر رنجیت سنہا کو سپریم کورٹ کی ایک بنچ کی جانب سے نوٹس جاری کئے جانے کے ایک دن بعد عدالت عظمیٰ کی ایک اور بنچ نے کول اسلام میں اسی طرح کے الزامات پر ایجنسی کے سربراہ سے وضاحت طلب کی ہے ۔ چیف جسٹس آر ایم لودھا کی قیادت میں ایک بنچ نے کول گیٹ اسکام میں ملزم کو مبینہ طور پر بچانے سے متعلق سنہا کے خلاف الزام کی ایس آئی ٹی کے ذریعہ تحقیقات کی خواہش کرتے ہوئے دائر کردہ ایک اپیل پر انہیں نوٹس جاری کی ۔ اس اپیل میں سنہا کو تحقیقات سے دور رکھنے اور کروڑہا روپے کے اسکام میں ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی خواہش کی گئی ہے ۔ بنچ نے سنہا کو جواب داخل کرنے 10دن کی مہلت دی تاہم کیس سے سنہا کو ہٹا دینے کا کوئی حکم جاری کرنے سے انکار کردیا ۔ عدالت نے کیس کی سماعت19ستمبر تک ملتوی کردی ۔ سماعت کے آغاز میں بنچ نے احساس ظاہر کیا کہ عدالت عظمیٰ کی ایک اور بنچ کی جانب سے سنہا کے خلاف پہلے ہی ایک حکم جاری کیاجاچکا ہے چنانچہ اب مزید کسی حکم کی اجرائی کی ضرورت نہیں ہے ۔ تاہم ایڈوکیٹ پرشانت بھوشن نے اپنی این جیا و کی جانب سے پیروی کرتے ہوئے استدلال کیا کہ گزشتہ روز کا حکم2Gمعاملہ میں تھا اور عدالت کول اسکام سے متعلق حکم جاری کرسکتی ہے ۔ اس پر بنچ نے سنہا کو نوٹس جاری کرنے سے اتفاق کیا اور کیس کی آئندہ سماعت 2Gاسکام کی سماعت کیا گلی تاریخ کے بعد مقرر کی۔2Gمعاملہ کی سماعت 15ستمبر کو ہونے والی ہے ۔ جس میں عدالت عظمیٰ سی بی آئی ڈائرکٹر کی جانب سے داخل کردہ جواب کاجائزہ لے گی ۔
عدالت میں پیش کردہ درخواست کے ساتھ این جی او ، کامن کاز ، نے سنہا کی قیام گاہ پر آنے والے افراد کی فہرست منسلک کی ہے جس میں بعض بااثر افراد کے نام بھی شامل ہیں جو کوئلہ اسکام میں مبینہ طور پر ملوث ہیں ۔ تنظیم نے سنہا پر الزام لگایا کہ وہ کوئلہ اسکام کیس کی تحقیقات کو دبانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ اس کیس میں کرپشن ، دھوکہ دہی اور مجرمانہ سازش کے بشمول مختلف جرائم کے لئے20ایف آئی آر درج کی گئی ہیں اور ٹرائل کورٹ میں دو چارج شیٹ بھی داخل کئے جاچکے ہیں ۔ گزشتہ روز جسٹس ایچ ایل دتو کی قیادت میں عدالت عظمیٰ کی ایک اور بنچ نے جو2Gاسکام کیس کی نگرانی بھی کررہی ہے سنہا کوحکم دیاتھا کہ وہ اسکام سے جڑے افراد کی اپنی سرکاری رہائش گاہ پر آمد کے بارے میں تحریری طور پر وضاحت کریں۔
( یو این آئی)سپریم کورٹ نے1993ء تا2010ء کے درمیان غیر قانونی طور پر مختص کئے گئے218کوئلہ بلاکس کے بارے میں اپنا فیصلہ آج محفوظ رکھا ۔ چیف جسٹس آر ایم لودھا اور جسٹس مدن بی لوکر وجسٹس کورین جوزف پر مشتمل بنچ نے مرکز اور الاٹمنٹ کی منسوخی کے اندیشوں سے دوچار کمپنیوں کے وکلاء کی بحث سماعت کی ۔ اٹارنی جنرل مکل روہسگی نے عدالت کو بتایا کہ اگر تمام کوئلہ بلاکس کا الاٹمنٹ منسوخ کردیاجائے تو حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ اٹارنی جنرل نے یہ بھی کہا کہ46کوئلہ بلاکس نے پیداوار شروع کردی ہے یا شروع کرنیو الے ہیں ۔ کمپنی نے استدعا کی کہ لائسنس کی منسوخی سے ان کی معیشت پر کاری ضرب پڑے گی ۔ عدالت عظمیٰ نے گزشتہ ماہ تمام کوئلہ بلاکس لائسنس کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔

After 2G case, SC issues notice to CBI director in coal scam

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں