یو این آئی
اناڈی ایم کے کے سینئر لیڈر اور وزیر فینانس اوپنیر سیلوم کو پارٹی مقننہ لیڈر منتخب کرلیا گیا ۔ وہ ٹاملناڈو کے اگلے چیف منسٹر ہوں گے ۔ 63سالہ پنیر سیلوم کا انا ڈی ایم کے ارکان اسمبلی کے اجلاس میں متفقہ طور پر مقننہ لیڈر کی حیثیت سے انتخاب عمل میں آیا ۔ وہ پارٹی سربراہ جیہ للیتا کے جانشین ہوں گے جو4سال جیل کی سزا ملنے کے بعد عہدہ سے محروم ہوگئی ہیں ۔ پنیر سیلوم ، جیہ للیتا کے نہایت بااعتماد رفیق ہیں۔ وہ دوسری مرتبہ چیف منسٹر کی حیثیت سے عہدہ سنبھالیں گے ۔ اس سے قبل ستمبر2001تا مارچ2002انہوں نے یہ عہدہ اس وقت سنبھالا تھا جب سپریم کورٹ نے تانسی اراضی معاملت مقدمہ میں جیہ للیتا کو قصوروار قرار دیتے ہوئے ان کے تقرر کو کالعدم کردیا تھا۔ نامزد چیف منسٹر نے تائیدی ارکان اسمبلی کے مکتوب کے ساتھ گورنر کے روشیا سے ملاقات کی اور تشکیل حکومت کے لئے باضابطہ دعویٰ پیش کیا ۔ گورنر کے مکتوب موصول ہونے پر پنیر سیلوم کو نئی حکومت بنانے کے لئے رسمی طور پر دعوت دی ۔ اس دوران ٹاملناڈو میں نظم و قانون کی صورتحال بعض معمولی واقعات کو چھوڑ کر پر امن رہی ۔
بنگلور/چینائی سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب جیل میں محروس انا ڈی ایمکے کی سربراہ جے للیتا کے وکلاء کرناٹک ہائی کورٹ میں سابق چیف منسٹر کی ضمانت کے لئے کل درخواست داخل کریں گے ۔ ان کے وکلاء غیر محسوب اثاثے جات کے مقدمہ میں جے للیتا کو خاطی قرار دئیے جانے اور سزا پر حکم التوا کی اپیل کے لئے حکمت عملی کو قطعیت دے رہے ہیں۔66سالہ لیڈر کے سینئر وکیل بی کمار نے کہا کہ کرناٹک ہائی کورٹ میں کل ضمانت کی درخواست داخل کی جائے گی۔ جیہ للیتا کو کل ہی خصوصی عدالت نے4سال جیل کی سزا سنائی جس کے نتیجہ میں وہ اسمبلی کی رکنیت سے فی الفور نااہل قرار پائیں اور انہیں چیف منسٹر کا عہدہ کھونا پڑا ۔ ذرائع کے مطابق جیہ نے اپنا مقدمہ لڑنے وکلاء کی پوری فوج تیار کی ہے۔66.65کروڑ روپے غیر محسوب اثاثہ جات کے مقدمہ میں جج جان مائیکل نے ان پر100کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا جو ہندوستان کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے چونکہ سزا3سال سے زائد مدت کی ہے اس لئے جیہ للیتا کے مقدمہ میں صرف ہائی کورٹ کو ضمانت دینے کا اختیار حاصل ہے ۔ کمار نے بتایا کہ کئی وکلاء کی ٹیم درخواست ضمانت کے خدو خال کا جائزہ لے رہی ہے۔ وکلاء ان قانونی پہلوؤں پر غور کررہے ہیں جس کے ذریعہ مجرم قرار دئیے جانے اور سزا کے حکم پر فی الفور التوا کے احکام حاصل کئے جاسکیں ۔ کرپشن کے مقدمہ میں عام طور پر اعلیٰ عدالتیں التوا کا حکم جاری کرنے میں پس و پیش کررہی ہیں ۔ اگر یہ حکم التوا مل جاتا تو انا ڈی ایم کے کی لیڈر رکن اسمبلی کی حیثیت سے نااہلی کے دائرہ سے باہر نکل جائیں گی ۔ اگر اعلیٰ عدالت ان کی اپیل مسترد کردے تو جیہ للیتا 10سال تک انتخابات میں حصہ لینے سے قاصر رہیں گی ۔
بنگلور سے پی ٹی آئی کی اطلاع کے بموجب سابق چیف منسٹر ٹاملناڈوجے جیہ للیتا نے شہر کی ایک عدالت نے گزشتہ روز محسوب اثاثے کے کیس میں4سال قید کی سزا سنائی، پر پنا اگراہا سنٹرل جیل میں پہلی رات گزاری۔ جیل کے ذرائع نے بتایا جیہ للیتا کو ان کے4سابق وزراء کی جانب سے لایا گیا ناشتہ کرنے کی اجازت دی گئی ۔ انہوں نے ناشتہ میں اٹلی کھائی ۔ بعد ازاں انہوں نے پیٹھ میں تکلیف کی شکایت کی ۔ انا ڈی ایم کے قائدین ان کے لئے ایک کرسی لائے تھے لیکن جیل حکام نے اسے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی۔ ان قائدین میں اوپنیر سیلوم بھی شامل ہیں ۔ جنہیں ایک بار پھر جیہ للیتا کی جانب سے ان کا جانشین مقررکئے جانے کی توقع کیجارہی ہے ۔ جیہ للیتا کے دیگر3ساتھی قریبی سہیلی ششی کلا ،منہ بولا بیٹا سدھا کرن اور قریبی رشتہ دار ایلا اوراسائی بھی اسی جیل میں محروس ہیں۔ عدالت نے تینوں ملزمین کو4سال قید اور10کروڑ روپے جرمانہ کی سزا سنائی ۔ جیہ للیتا کے تینوں ساتھیوں کو جیل میں تیار کردہ ناشتہ کرنا پڑا۔
Panneerselvam Tamil Nadu new chief minister
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں