مجلس کی ممبئی انتخابی مہم سے فرقہ پرست جماعتیں بوکھلاہٹ کی شکار - اکبر اویسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-29

مجلس کی ممبئی انتخابی مہم سے فرقہ پرست جماعتیں بوکھلاہٹ کی شکار - اکبر اویسی

حیدرآباد
اعتما د نیوز
جناب اکبر الدین اویسی قائد مجلس لیجسلیچر پارٹی نے کہا ہے کہ مجلس اتحاد المسلمین مہاراشٹرا میں الیکشن جتینے یا ہارنے نہیں بلکہ مسلمانوں کے عزت نفس اوران کے حقوق کے تحفظ کے لئے آئی ہے ۔ مجلس کی انتخابی مہم سے فرقہ پرست اور نام نہاد سیکولر جماعتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس بے باک ، بے خوف اور مخلص افراد کی جماعت ہے ۔ اس لئے مہاراشٹرا کے انتخابات میں بھی ایسے ہی امیدواروں کو کھڑا کیاگیا ہے ۔ ممبئی میں پر ہجوم میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اکبر اویسی نے کہا کہ مہاراشٹرا ہو یا حیدرآباد مجلس کا مقابلہ ہمیشہ سنگھ پریوار، آر ایس ایس ، بجرنگ دل ، وشوا ہندو پریشد اور شیو سینا سے رہا ہے اس جس طرح سے حیدرآباد میں مجلس نے ان تنظیموں کو روکا اسی طرح مہاراشٹرا میں بھی روکے گی ۔ مجلس کے مہاراشٹرا میں انتخابی عمل میں حصہ لینے سے سیکولر ووٹوں کی تقسیم سے متعلق سوال پر اکبر اویسی نے کہا کہ مجلس مہاراشٹرا میں آتے ہی25سالہ اتحاد ٹوٹ گیا اور اب یہ کہنا غلط ہوگا کہ سیکولر ووٹ تقسیم ہوں گے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے امریکہ میں نائن الیون واقعہ کے مہلوکین کو خراج پیش کرنے سے متعلق سوال پر قائد مجلس نے کہا کہ وزیر اعظم کا اقدام قابل ستائش ہے لیکن کیا نریندر مودی نے گجرات میں قتل کئے گئے بے قصور مسلمانوں کے افراد خاندان کو کبھی پرسہ دیا ہے ۔ سنگھ پریوار سے وابستہ تنظیموں کو تنقید کا نشانہ ب ناتے ہوئے اکبر اویسی نے کہا کہ حب الوطنی کا ڈھنڈورا پیٹنے والی آر ایس ایس تنظیم کے ناگپور ہیڈ کوارٹر پر1947اور1950میں قومی پرچم لہرایا گیا تھا ، اور پھر2002تک آر ایس ایس کے دفتر پر قومی پرچم نہیں لہرایا گیا ۔
قائد مجلس نے کہا کہ کیا یہ حب الوطنی ہے ۔ آج مسلمانوں پر الزامات لگائے جاتے ہیں اور ان کی حب الوطنی کو مشکوک سمجھاجاتا ہے ۔ اکبر اویسی نے کہا کہ جاپان کے دورہ کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنے جاپانی ہم منصب کو ہندوستانی دستور کی کاپی حوالے کرنی چاہئے تھی ۔ لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ بابا صاحب امبیڈ کر نے ایک ایسا دستور تیار کیا تھا جس میں مساویانہ حقوق کی بات کہی گئی تھی لیکن آر ایس ایس کو یہ اب تک ہضم نہیں ہورہا ہے ۔ مہاراشٹرا میں مجلس کی کامیابی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اکبر اویسی نے کہا کہ مجلس وعدہ اور دعوے نہیں کرتی لیکن عملی اقدامات کرتی ہے ۔ مہاراشٹر کے مسلمان ان کے ساتھ ہوئی ناانصافیوں سے کافی ناراض ہیں اور مجلس یہاں اقلیتوں کو ان کا حق دلانے آئی ہے۔ اور انشاء اللہ مجلس انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی اور مہاراشٹرا کے مسلمانوں کو ان کا حق دلائے گی۔ میڈیا کانفرنس میں ممبئی اور تھانے ضلع کے13امیدواروں کا تعارف کروا گیا ۔ رکن اسمبلی ملک پیٹ احمد بلعلہ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

AIMIM mumbai election compaign

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں