مودی آج جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-07

مودی آج جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ایک ایسے وقت جب کہ جموں و کشمیر میں سیلاب کی صورتحال بگڑتی جارہی ہے وزیر اعظم نریندر مودی اس سے ہونے والے نقصانات کا شخصی طور پر جائزہ لینے کے لئے اتوار کو ریاست کا دورہ کریں گے۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی جانب سے آج شام بریفینگ دئیے جانے کے بعد منعقدہ ایک جائزہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ۔ راج ناتھ سنگھ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور قومی دارالحکومت لوٹے، دفتر وزیر اعظم نے ایک بیان میں یہ بات کہی۔ بیان میں کہا گیا کہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد وزیر اعظم نے فیصلہ کیا کہ وہ صورتحال کی سنگینی کا شخصی طورپر جائزہ لینے کے لئے اور عوام کو در پیش مسائل کو سمجھنے کے لئے جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے ۔ مودی پہلے جموں جائیں گے جہاں وہ فضائی سروے کریں گے ، بعد میں وہ کشمیر جائیں گے اور صورتحال کا جائزہ لیں گے ۔ قبل ازیں راج ناتھ سنگھ نے آج سری نگر میں سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیلاب سے پیدا شدہ صورتحال، راحت کاری کے کاموں اور نقصان کا جائزہ لیا ۔ ذرائع کے مطابق سری نگر کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے سے قبل انہوں نے ریاستی چیف منسٹر عمر عبداللہ کے ساتھ ملاقات کی ۔ ملاقات کے بعد مرکزی وزیر نے چیف منسٹر عمر عبداللہ کے ساتھ سری نگر کے کچھ متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ۔ راج ناتھ سنگھ نے بعد ازاں وادی کشمیر کے دیگر متاثرہ اضلاع کا فضائی معائنہ کیا ۔ وزیر اعظم دفتر میں مملکتی وزیر جتیندر سنگھ بھی ان کے ساتھ تھے ۔ گزشتہ5دنوں سے سری نگر میں ہونے والی بارش نے کئی علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا کردی ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے شہر کی حالت دیکھنے کے بعد کہا کہ اگر شہر کا یہ حال ہے تو دیہاتوں میں کیا ہورہا ہوگا ۔ راج ناتھ سنگھ نے بتایا کہ مقامی افراد کے مطابق60برسوں میں پہلی مرتبہ جموں و کشمیر میں ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک بین وزارتی ٹیم ریاست میں نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے بھیجی جائے گی اور آفات سماوی سے نمٹنے کے لئے حکومت جموں و کشمیر1,100کروڑ روپئے فنڈ کا استعمال کرے گی۔

سیلاب کو قومی سانحہ قرار دیا جائے: سونیا گاندھی
دریں اثناء پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب صدر کانگریس سونیا گاندھی نے جموں و کشمیر میں سیلاب کی سنگین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرکز سے کہا کہ اس سانحہ قومی سانحہ قرار دے۔ انہوں نے مرکز اور ریاستی حکومت سے اپیل کی کہ راحت و باز آبادکاری کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے ۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے جاری ایک بیان میں یہ بات کہی گئی ۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد نے مودی سے فان پر بات کی اور اس سلسلہ میں فوری اقدامات شروع کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہونچایا جاسکے اور انہیں موثر طور پر راحت پہونچائی جاسکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیلاب کو قومی سانحہ قرار دیاجائے ۔ وزیر اعظم نے غلام نبی آزاد کو تیقن دیا کہ ریاست کی اس بحران میں ہر ممکنہ مدد کی جائے گی۔ غلام نبی آزاد نے جو جموں و کشمیر کے سابق چیف منسٹر بھی ہیں ، سری نگر سے وزیر اعظم کو فون کیا اور سیلاب کی صورتحال سے واقف کرایا ۔ انہوں نے وزیر اعظم سے ریاستی حکومت کو فنڈس کی فوری اجرائی کی بھی خواہش کی تاکہ کسی رکاوٹ کے بغیر راحت اور باز آباد کاری کا کام شروع کیاجائے ۔ غلام نبی آزاد نے بچاؤ کاموں کے لئے فوج کے رول کی زبردست ستائش کی اور فوری طور پر فضائیہ کی خدمات بھی حاصل کرنے کا مشورہ دیا تاکہ لوگوں کو جو سیلاب کے پانی میں گھرے ہوئے ہیں۔ محفوظ مقامات پر منتقل کیاجاسکے ۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ناقابل قیاس اور ناقابل یقین نقصانات ہوئے ہیں۔ عوامی انفراسٹرکچر جیسے سڑکیں ، برقی، ٹٰلی فونس، برجس ، پینے کے پانی کے نظام کو زبردست نقصان پہنچا ہے ۔ جب کہ خانگی جائیدادیں جیسے مکانات ، دکانات ، گاڑیاں ، مویشیاں وغیرہ کا بھی بھاری نقصان ہوا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کھٹوعہ سے لیہہ تک بشمول سامبا ، جموں ، ڈوڈا، ریاسی ، راجوری ، پونچھ ، اننت ناگ، شوپیان ، پلوامہ، گلگام ، سری نگر اور بارہمولہ تمام ریاست متاثر ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اس سانحہ سے نمٹنے کی اہل نہیں ہوسکتی اس لئے مرکز جلد از جلد اسے قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے بچاؤ اور راحت کاموں کی ذمہ داری اپنے ہاتھ میں لے لے ۔

PM Narendra Modi to visit flood-hit Jammu and Kashmir today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں