وزیر اعظم کا دورہ جموں کشمیر - 1000 کروڑ کی خصوصی امداد کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-08

وزیر اعظم کا دورہ جموں کشمیر - 1000 کروڑ کی خصوصی امداد کا اعلان

جموں و کشمیر میں سیلاب کو’’قومی سطح کی آفات سماوی‘‘ قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج1000کروڑ کی خصوصی امداد کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ریاست کے عوام کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے صورتحال کی راست جانکاری کے لئے ریاست کے دورہ کے بعد سری نگر میں یہ اعلان کیا۔ وزیر اعظم نے دوسری ریاستوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ان سے جو کچھ بن پڑے امداد کریں ۔ پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے پڑوسی علاقوں میں بھی تباہی پر دکھ ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان متاثرہ علاقوں کی انسانی امدا د کے لئے تیار ہے بشرطیکہ پاکستان اس کی خواہش کرے ۔ اپنے دورہ میں وزیر اعظم نے علاقہ کے عوام کو ہر ممکنہ مدد کی پیشکش کی اور کہا کہ حکومت ہند ان علاقوں کی انسانی امداد کے لئے تیار ہے بشرطیکہ پاکستان ضرورت ظاہر کرے ۔ وزیر اعظم نے ریاست کے عوام کا دکھ درد بانٹا ۔ چیف منسٹر عمر عبداللہ اور ریاست کے سینئر سرکاری عہدیداروں نے انہیں سیلاب سے تباہی کی جانکاری دی۔ پی ایم او کے ایک بیان میں یہ بات بتائی گئی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ریاستی حکومت کو اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ کے ذریعہ جو1100کروڑ روپے فراہم کئے جارہے ہیں وہ سیلاب کی تباہی کی شدت کے پیش نظر کافی نہیں ہوں گے ۔ ریاست کو راحت و باز آبادکاری کے لئے مزید1000کروڑ کی خصوصی پراجکٹ امداد دی جائے گی ۔ ضرورت پڑے تو مزید امداد دی جائے گی ۔ تباہی کو قومی سطح کی آفت سماوی قرار دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ مرکز بحران کی اس گھڑی میں ریاستی حکومت اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مہلوکین کے ورثاء کو فی کس دو لاکھ روپے دئیے جائیں گے ۔ شدید زخمیوں کو فی کس پچاس ہزار روپے وزیرا عظم کے ریلیف فنڈ سے ملیں گے۔ جن لوگوں کے مکان بہہ گئے ہیں ان کی فوری مدد کے لئے مرکزی حکومت پانچ ہزار خیمے فراہم کرے گی ۔ یہ خیمے کل تک پہنچ جائیں گے ۔ ایک لاکھ بلانکٹس خریدنے کے لئے وزیر اعظم نے ریلیف فنڈ سے5کروڑ روپے دئیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی غذائی ضرورت کی تکمیل کے لئے مرکز 50ٹن ملک پاؤڈر بھیجے گا۔ضروری دواؤں کی ایک کھیپ آج بھیجی گئی ہے ۔ ضرورت پڑنے پر مزید دوائیں بھیجی جائیں گی ۔
محکمہ ٹیلی کام کی ٹیموں سے کہا گیا ہے کہ وہ مواصلات کا رابطہ متاثرہ علاقوں میں جلد سے جلد بحال کریں ۔ فوج کے انجینئرس ان پلوں کی تعمیر میں مصروف ہیں جنہیں بارش سے نقصان پہنچا ہے ۔ مہاراشٹرا اور گجرات سے کشتیاں منگائی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں برقی کی سربراہی ٹھپ پڑ گئی ہے ان علاقوں کے لئے2ہزار سولار لیمپ فراہم کئے جائیں گے ۔ وزیر داخل راج ناتھ سنگھ جنہوں نے کل متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا ۔ وزیر اعظم کوسیلاب کی جانکاری دی تھی ۔ صورتحال کی سنگینی کے مد نظر وزیر اعظم نے معتمد کابینہ اور دیگر سینئر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا تھا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جو طیارے ریاست کو ریلیف کا سامان پہنچا رہے ہیں۔ وہ واپسی میں ان سیاحوں کو لے آئیں جو جموں و کشمیر میں پھنسے ہوئے ہیں۔ انہوں نے فوج اور این ڈی آر ایف کی ریلیف سرگرمیوں اور قریبی تال میل کی ستائش کی ۔ آئی اے این ایس کے بموجب وزیرا عظم نے جموں اور سری نگر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کیا اور کہا کہ موجودہ بحران’’قومی سطح کی آفات سماوی‘‘ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ریلیف سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لئے فوج ، فضائیہ اور این ڈی آر ایف ریاست کا تعاون کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طبی اور دوسری امداد فوری پہنچائی جارہی ہے ۔ حکومت نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ لیہہ اور لداخ جانے والی سڑکوں کی مرمت کردے تاکہ وہاں دوسرا سامان پہنچایاجاسکے ۔ موسم سرما میں لیہہ اور لداخ کا رابطہ ملک کے ماباقی حصہ سے کٹ جاتا ہے ۔ وزیر اعظم نے کشمیر کے عوام کو یقین دلایا کہ وہ اس بحران میں تنہا نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی عوام کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ بحران کی اس گھڑی میں پورا ملک آپ کے ساتھ ہے ۔ مودی فضائی سروے کے لئے اتوار کی صبح جموں ایرپورٹ پہنچے۔ فضائی سروے کے دوران فوج کے سر براہ دلبیر سنگھ سہاگ ان کیساتھ موجود تھے ۔ جموں ایر پورٹ پر گورنر این این ووہرہ اور چیف منسٹر عمر عبداللہ نے ان کا استقبال کیا۔

PM visits Jammu and Kashmir, special assistance of Rs 1,000 crore for the flood-hit state

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں