ارکان مقننہ کے خلاف مقدمات کی اندرون ایک سال تکمیل کی ہدایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-08

ارکان مقننہ کے خلاف مقدمات کی اندرون ایک سال تکمیل کی ہدایت

وزارت داخلہ نے ارکان پارلیمنٹ اور اسمبلی کے خلاف مقدمات کی جلد از جلد یکسوئی کرنے ریاستی حکومتوں کو ہدایت دی ہے ، کیونکہ ان مقدمات میں سزا کی صورت میں ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی نا اہل قرار پائیں گے۔ وزارت داخلہ نے ریاستوں کو عدالتوں میں روزانہ سماعت مقرر کرنے اور خصوصی پبلک پراسکیوٹر کے تقرر کے علاوہ نگرانی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ یہ احکام اس وقت جاری کئے گئے جب سپریم کورٹ نے قانون سازوں کے مقدمات کی تکمیل کے لئے تاریخ مقرر کردی ہے ۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم نریندر مودی نے24جولائی کو وزیر داخلہ اور وزیر قانون سے کہا تھا کہ ایک سال کے اندر سیاست دانوں کے خلاف مقدمات کی یکسوئی کرلی جائے ۔ سپریم کورٹ کی ہدایت کا حوالہ دیتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور مرکزی معتمد وزارت داخلہ انیل گو سوامی نے تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کو علیحدہ علیحدہ خطوط روانہ کرتے ہوئے انہیں سپریم کورٹ کے احکام کے مطابق موجودہ ارکارن پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی کے خلاف جاریہ مقدمات کی یکسوئی کروا لینے کا مشورہ دیا چونکہ ان ارکان پر ایسے الزامات ہیں جن کے نتیجہ میں انہیں نا اہل قرار دیاجاسکتا ہے ۔ دو سال یا اس سے ائد مدت کے لئے سزا کے نتیجہ میں پارلیمنٹ یا اسمبلی کارکن نااہل قرار دیاجائے گا ۔ 10مارچ2014کے سپریم کورٹ کے احکام کے مطابق عوامی نمائندگی قانون کے تحت مقدمات کی ایک سال کے اندر یکسوئی کرلی جانی چاہئے ۔ ریاستوں کو لکھے گئے مکتوب میں کہا گیا کہ کسی رکن کے خلاف کیس کے سلسلہ میں متعلقہ مجسٹریٹ یاسیشن جج سے روازانہ مقدمہ کی سماعت مقرر کرنے کے لئے کہاجاسکتا ہے ۔ وزیر داخلہ اور معتمد داخلہ نے کہا کہ ایسی صورت میں پراسکیوٹرس کی قلت کے نتیجہ میں ریاستی حکومت کو چاہئے کہ وہ خصوصی پبلک پراسکیوٹرس کا تقرر کرے ، تاکہ مقدمہ کی یکسوئی میں تاخیر نہ ہو۔ گواہوں ، طبی یافارنسک رپورٹ اور کسی بھی دستاویز کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے اور ان رپورٹوں کی تیاری کو پہلی ترجیح دی جانی چاہئے۔ ان مقدمات کی نگرانی کے لئے ریاستی سطح کی ایک رابطہ کمیٹی بھی تشکیل دی جاسکتی ہے ۔ جس کے سربراہ ڈسٹرکٹ یا سیشن جج ہونے چاہئیں ۔ اگر مقدمات برسوں جاری رہیں تو قانون ساز ان بھیانک الزامات کے باوجود اداروں کے رکن برقررا رہیں گے ۔ نریندر مودی نے اپنی انتخابی مہم میں یہ بھی اعلان کیا تھا کہ وہ سیاست دانوں کے خلاف عدالتی مقدمات کو ایک سال کے اندر ختم کرنے کی کوشش کریں گے ۔

Home Ministry asks States to fasttrack cases against MPs, MLAs

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں