چتور میں ہیرو موٹو کارپ کے پلانٹ کا قیام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-17

چتور میں ہیرو موٹو کارپ کے پلانٹ کا قیام

Hero-Motors-plant-in-Chittoor-AP
حیدرآباد
پی ٹی آئی
ہیروموٹو کارپ اپنا چھٹا ٹو وہیلر مینو فیکچر نگ پلانٹ ضلع چتور کے سری سٹی خصوصی معاشی زون میں قائم کرے گا ۔ اس سلسلہ میں آج ہیرو موٹرس اور اے پی کے محکمہ صنعت کے درمیان یادداشت مفاہمت پر دستخط کیے گئے، کمپنی اپنا ٹو وہیلر مینو فیکچرنگ یونٹ ضلع کے ستیہ ویڈومیں قائم کرے گی ۔ یہ کمپنی کا چھٹواں موٹر سائیکل تیاری پلانٹ ہو گا ۔ اے پی کے چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈوکی قیادت میں کل یہاں ریاستی حکومت کے کابینی اجلاس میں کمپنی کے یونٹ کے لئے سری سٹی میں 600ایکر اراضی مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ کمپنی اس پلانٹ کی تعمیر کے لئے 2200کروڑروپے کی سرمایہ کاری کرے گی۔ پلانٹ ایک مرتبہ کام شروع کر دیتا ہے تو6ہزار افراد کو راست طور پر ملازمتیں حاصل ہوں گی جب کہ پلانٹ کے ذریعہ3ہزار افراد کو بالواسطہ روزگار حاصل ہو گا ۔ کمپنی کے نائب صدر نشین اور منیجنگ ڈائرکٹر پون منجل نے ہفتہ کے دن نئی دہلی میں چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو سے ملاقات کی تھی جس کے بعد کمپنی کو600ایکر اراضی مختص کرنے حکومت کا یہ فیصلہ سامنے آیا۔ ذرائع کے بموجب اس پلانٹ میں سالانہ15لاکھ تا 20لاکھ موٹر سائیکلیں تیار کی جائے گی ۔ اس سلسلے میں کمپنی کے خیالات حاصل نہیں کئے جاسکے۔ تاہم پون منجل نے جون میں پی ٹی آئی کو بتایا تھا کہ کمپنی جنوبی ہند میں اپنے پلانٹ کے قیام کا منصوبہ رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ جنوبی ہند کی مارکٹ کی خدمت کے لئے اس پلانٹ کا استعمال کیاجائے گا اور ہم سر دست وہاں زمین کی تلاش میں ہیں۔ ملک میں ہیرو موٹوکارپ کے تین موٹر سائیکل سازی پلانٹس موجود ہیں ۔ گر گاؤں ، داروبیرا (ہریانہ) اور ہری دوار( اتر کھنڈ) کے پلانٹس میں سالانہ69لاکھ موٹر سائیکلیں تیار کرنے کی گنجائش ہے۔ راجستھان کے ٹیم رانے کے مقام پر کمپنی کا چوتھا پلانٹ کام شروع کرنے تیار ہے۔ یہ پلانٹ400کروڑروپے کی سرمایہ کاری سے تعمیر کیا گیا ہے ۔ اس طرح کمپنی کی جملہ پیداوار7.65ملین یونٹ تک پہنچ جائے گی ۔ کمپنی، گجرات کے مقام ہالول میں بھی اپنا پانچواں پلانٹ قائم کرنے کے مرحلہ میں ہے جس کے لئے 1100کروڑروپے کا سرمایہ لگایا گیا ہے۔ گجرات کا پلانٹ سالانہ1.8(18لاکھ) یونٹس کی تیاری کی صلاحیت کا حامل ہو گا۔ اس پلانٹ میں 2015-16سے پیداوار کا آغاز ہو جائے گا ۔ اے پی کے سری سٹی خصوصی معاشی زون کے چھٹویں پلانٹ کی تعمیر جب مکمل ہو جائے گی تو کمپنی کی سالانہ پیداوار 12بلین یونٹ تک پہنچ جائے گی ۔ کمپنی نے قبل ازیں 2017تک سالانہ10ملین گاڑیوں کی تیاری کا نشانہ مقرر کیا تھا ۔ ہیروموٹوکارپ نے گزشتہ18ماہ کے دوران بین الاقوامی مارکٹوں میں بھی رسائی کے لئے جارحانہ اقدامات کئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کمپنی اپنی مزید وسعت کے لئے گھریلو مارکٹ پر بھی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔

Hero Motors to set up plant in Chittoor district of AP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں