غیر محسوب اثاثہ جات مقدمہ - جگن کے خلاف گیارہویں چارج شیٹ داخل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-10

غیر محسوب اثاثہ جات مقدمہ - جگن کے خلاف گیارہویں چارج شیٹ داخل

صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور اے پی اسمبلی میں قائد اپوزیشن وائی ایس جگن موہن ریڈی کے خلاف غیر محسوب اثاثوں کے مقدمہ میں سی بی آئی نے آج یہاں کی ایک مقامی عدالت میں ایک اور چارج شیٹ داخل کی ۔ جگن کے خلاف تحقیقاتی ایجنسی کی یہ گیارہویں چارج شیٹ تھی ۔ اپنے والد آنجہانی چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے دور میں کئی کمپنیوں اور صنعت کاروں کو سرکاری مراعات کی فراہمی کے بدلے اپنے کاروبار میں بھاری سرمایہ کاری سے متعلق اس مقدمہ میں جگن زیر دریافت قیدی کی حیثیت سے تقریباً دیڑھ سال جیل میں گزار چکے ہیں ۔ 41سالہ رکن اسمبلی پلی ویندلہ اور ان کے آڈیٹر وجئے سائی ریڈی کے خلاف یہاں کی خصوصی سی بی آئی عدالت میں چارج شیت داخل کی گئی ۔ اندوپراجکٹس لمٹیڈ نامی خانگی کمپنی کی جانب سے جگن کے کاروبار میں سرمایہ کاری سے متعلق داخل کردہ چارج شیٹ میں دونوں پر دھوکہ دہی، مجرمانہ سازش، جعلسازی اور اعتماد شکنی کے الزامات لگائے گئے ہیں ۔ سی بی آئی نے غیر محسوس اثاثوں سے متعلق تمام مقدمات میں جگن کو کلیدی ملزم قرار دیا ہے ۔ انہیں مئی2012ء میں گرفتار کیا گیا تھا۔ گزشتہ سال ستمبر میں انہیں ضمانت پر رہا کیا گیا ۔ اس طرح انہوں نے16ماہ جیل میں گزارے ۔ سی بی آئی کے بموجب سرمایہ کاری کے بدلے اندوپراجکٹس کو ہاؤزنگ اسکیموں کے ٹنڈر دیے گئے ۔ شیام پر ساد ریڈی کی ملکیت اندو گروپ آف کمپنیز کا نام پہلے سے ہی شریک ملزمین میں شامل ہے ۔ اسی دوران عدالت نے معاملہ کی سماعت23ستمبر تک ملتوی کردی ۔ قائد اپوزیشن نے ان مقدمات کے سلسلہ میں آج عدالت میں حاضری دی ۔ سابق اے پی وزیر ڈی پرساد راؤ بھی عدالت پہنچے ۔ وہ بھی ایک ملزم ہے۔ مقدمہ کے تحت مختلف چارج شیٹس میں بطور ملزم شامل سینئر آئی اے ایس عہدیداروں اور صنعتکاروں نے بھی عدالت میں حاضری درج کرائی ۔ جگن کے خلاف پہلی چارج شیٹ 31مارچ2012کو داخل کی گئی ۔

11th Charge Sheet Filed In YS Jagan's Illeagal Assets CasE

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں