نیویارک مودی نتن یاہو ملاقات - آبی اور زرعی شعبوں میں اسرائیل کی پیشکش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-30

نیویارک مودی نتن یاہو ملاقات - آبی اور زرعی شعبوں میں اسرائیل کی پیشکش

نیویارک
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے جنہوں نے یہاں جنرل اسمبلی اقوام متحدہ اجلاس سے خطاب کیا ہے ، یہاں اپنی مصروفیات سے وقت فارغ کر تے ہوئے وزیر اعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو سے باہمی ملاقات کی جس کا شاذونادر ملاقات متصور کیا جارہا ہے ۔ مودی نے متعدد مسائل بشمول دفاعی تعاون اور مغربی ایشیا میں اسلامک اسٹیٹ( آئی ایس) سے پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ نصف گھنٹے کی اس ملاقات کے دوران نتن یاہو نے مودی کو دورہ اسرائیل کی دعوت دی اور یاد دلایا کہ قبل ازیں مودی نے بحیثیت چیف منسٹر (گجرات) اسرائیل کا دورہ کیا تھا اور اب وہ(نتن یاہو) امید کرتے ہیں کہ مودی بحیثیت وزیرا عظم دورہ کرسکتے ہیں ۔ وزارت خارجہ ہند کے ترجمان سید اکبرالدین نے یہ بات بتائی اور کہا کہ مودی نے نتن یاہو کی دوعت کا نوٹ لیا ہے ۔ اس سلسلہ میں سفارتی چیانلوں کے ذریعہ مزید بات چیت کی جائے گی ۔ اکبر الدین نے بتایا کہ دونوں قائدین نے دونوں ممالک کے معاشی تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر بھی بات چیت کی۔ کھیتوں کے لئے پانی کی سیرابی اور زراعت سے متعلق دیگر شعبہ جات میں اسرائیل نے اپنی مہارت کا پیشکش کیا ۔ ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان نہایت معقولیت پسندانہ تعلقات قائم ہیں اور بحالت موجودہ باہمی تجارت کی سطح لگ بھگ 6بلین ڈالر ہے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ’’ ان موضوعات کے علاوہ مغربی ایشیا کی ترقی سے متعلق اسرائیل کے نقاط نظر پر بھی بات چیت ہوئی ۔
وزیر اعظم اسرائیل نے ایران اورP5+1ممالک کے درمیان جاری بات چیت پر اپنے نقاط نظر کا بھی اظہار کیا ‘‘۔ اس سوال پر کہ آیا دفاعی معاملتوں پر بات چیت ہوئی ہے ، اکبر الدین نے کہا کہ’’ ہاں دفاعی تعلقات کی اصطلاحوں میں بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر اعظم ہند نے وضاحت کی کہ ان کا نیا نقطہ نظر ’’میک ان انڈیا‘‘ ترجیحی حیثیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے(وزیر اعظم ہند نے) یہ بھی وضاحت کی کہ اس وقت دفاعی شعبہ میں اسرائیل یا کوئی اور ملک49فیصد تک سرمایہ کاری کرسکتا ہے ۔ وزیر اعظم ہند نے انفارمیشن ٹکنالوجی اور آبی انتظام جیسے شعبوں میں فنی مہارت سے باہمی استفادہ پر بھی زور دیا۔‘‘ دریں اثناء ایک سفارتی عہدیدار نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی مصروفیات سے وقت فارغ کرتے ہوئے آج منعقدہ باہمی ملاقات ایک شاذونادر ملاقات تھی ۔ ایسی ملاقات گزشتہ ایک دہے کے دوران نہیں ہوئی تھی ۔ گزشتہ مرتبہ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے آج سے10برس قبل اس وقت ملاقات کی تھی جب ایریل شارون نے ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔مودی نے آج نتن یاہو سے ملاقات سے قبل اسرائیلیوں کے ایک گروپ سے بھی ملاقات کی تھی۔ آج کی ملاقات کے دوران مودی نے کہا کہ ہندوستان میں یہودیوں کے خلاف کوئی امتیاز نہیں ہے۔ آج کی ملاقات کے موقع پر وزیر اعظم کے ساتھ وزیر خارجہ سشما سوراج اور دیگر سینئر عہدیداربھی موجود تھے ۔

Modi meets Israeli PM Netanyahu, discusses defence cooperation, west Asia

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں