کنال گھوش نے ممتا بنرجی پر دوبارہ الزام عائد کیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-10

کنال گھوش نے ممتا بنرجی پر دوبارہ الزام عائد کیا

ترنمول کانگریس کے معطل اور شاردا چٹ فنڈ گھوٹالے میں جیل میں بند ممبر پارلیمنٹ کنال گھوش نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر ایک اور حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان میں ہمت ہے تو ہو شاردا چٹ فنڈ گھوٹالے پر داخلی انکوائری کرائیں ۔ کنال گھوش نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جس لیڈر نے تہلکہ کے ایشو پر استعفیٰ دیدیا اور اپنی ایمانداری کا ڈھنڈورا پیٹتی ہیں ۔ اگر انہیں ایک فیصد ایمانداری ہے تو وہ چٹ فنڈ گھوٹالہ پر پارٹی میں ہی انکوائری کرالیں ۔ یہ دوسری مرتبہ جب کنال گھوش نے برسر عام شاردا چٹ فنڈ گھوٹالے میں ممتا بنرجی کے نام کو شامل کیا ہے ۔ سیاسی حلقوں میں ممتا بنرجی کی ایمانداری پر کبھی بھی سوالیہ نشان نہیں لگایا گیا ہے ۔ مگر گھوش کے اس متنازع بیان کے بعد ممتا بنرجی کی شخصیت مجروح ہوئی ہے ۔ چند دن قبل کنال گھوش نے الزام عائد کیا تھا کہ ممتا بنرجی نے ہی سب سے زیادہ شاردا گروپ سے فائدہ اٹھایا ہے ۔ انہوں نے سی بی آئی سے مطالبہ کیا تھا کہ اس معاملے میں ایک ساتھ ممتا بنرجی ، شاردا گروپ کے چیرمین سدیپتو سین اور مجھے بیٹھا کر پوچھ تاچھ کی جائے ۔ کنال گھوش شاردا گرو کے میڈیا ونگ کے سی ای او تھے اور چٹ فنڈ گھوٹالہ کے کلیدی ملزموں سے ایک ہیں۔ انہیں بنگال پولیس نے گزشتہ سال گرفتار کیا تھا ، سی بی آئی ان کی ڈائری کی جانچ کررہی ہیں جس میں انہوں نے شاردا گروپ کے چیرمین سدیپتو سین کے ساتھ ممتا بنرجی اور ترنمول کانگریس کے لیڈروں کی میٹنگ کا ذکر کیا ہے ۔ کنال گھوش نے الزام عائد کیا ہے کہ کالمپونگ میں سدپتیو سین نے ممتا بنرجی سے ملاقات کی تھی اور سد پتیو سین نے ہی ممتا بنرجی کو پیٹنگ کو خریدا تھا۔ اپوزیشن سی پی ایم نے بھی اس سے قبل ممتا بنرجی اس طرح کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس گھوٹالہ میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور پارٹی کے جنرل سکریٹری مکل رائے شامل ہیں۔ بنگال کی اپوزیشن پارٹیاں مسلسل الزام عائد کررہی ہیں کہ اس گھوٹالہ میں ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈران شامل ہیں ۔ مگر کنال گھوش پہلے ایسے شخص ہیں جنہوں نے براہ راست ممتا بنرجی پر الزام عائد کیا ہے۔ شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ گزشتہ سال اپریل میں سامنے آیا تھا۔ شاردا گروپ نے اچانک میڈیا ایمپائر کو بند کردیا ۔ ملازمین کو کئی کئی مہینوں سے تنخواہ نہیں دیے گئے اور اسی طرح چٹ فنڈ کے آپریشن کو بغیر کسی اطلاع اور لوگوں کے روپیہ لوٹائے بغیر بند کردیا گیا ۔ اس گھوٹالے سے بنگال، آسام، اڑیسہ اور تری پورہ کے لوگ متاثر ہوئے ۔
ممتا بنرجی سی بی آئی جانچ کی مخالفت کرتی رہی کہ اسکی جانچ کے لئے بنگال پولیس کافی ہے ۔ مگر سپریم کورٹ نے اسی سال سی بی آئی کو جانچ کرنے کا حکم دیا۔ ترنمول کانگریس نے کنال گھوش کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے ۔ سینئر ترنمول کانگریس لیڈر اور ریاستی وزیر پارتھو چٹرجی نے کہا کہ کنال گھوش اپنے کوبچانے کے لئے وزیر اعلیٰ ممتابنرجی کا نام لے رہے ہیں ۔ کنال گھوش کے اس بیان کے بعد بیک فورڈ پر آچکی ترنمول کانگریس کی مختلف یونٹ ریاستی سطح پر مہم چلارہی ہے۔ ترنمول چھاتر پریشد نے کل اعلان کیا ہے کہ ریاست بھر میں ممتا بنرجی کے خلاف جاری مہم کے خلاف میٹنگ کی جائے گی۔ دوسری جانب ترنمول کانگریس نے اپنے 45ممبران کے ساتھ وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ترنمول کانگریس کے الزام عائد کیا ہے کہ سی بی آئی کا سیاسی استعمال کیاجارہا ہے ۔

Kunal Ghosh charged Mamata Banerjee again

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں