نریندر مودی کے طلباء سے خطاب کو سیاسی رنگ نہ دیاجائے - سمرتی ایرانی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-02

نریندر مودی کے طلباء سے خطاب کو سیاسی رنگ نہ دیاجائے - سمرتی ایرانی

نئی دہلی
آئی اے این ایس
وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے آج وضاحت کی کہ5ستمبر کو یوم اساتذہ کے موقع پر طلباء سے وزیر اعظم نریندر مودی کے خطاب کی سماعت مکمل طور پر ’’رضاکارانہ‘‘ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مخصوص سر گرمی مکمل طور پر رضا کارانہ ہے ۔ اگر اس مسئلہ پر کوئی غلط بات پہنچی ہے یا اسے سیاسی طور پر توڑ مروڑ کر پیش کیاجارہا ہے تو میں کہوں گی کہ یہ قابل تاسف ہے ۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت کی ایک گشتی کے مطابق ملک بھر کے تمام اسکولوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ٹی وی پر مودی کے راست خطاب کے مشاہدہ کے لئے انتظامات کریں ، تاکہ بچے اسے دیکھ اور سن سکیں ۔ سنٹرل بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) جس نے یہ گشتی جاری کی ہے ، تمام اسکولوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ5ستمبر کو2:30بجے دن تا5بجے شام کے دوران ایسے انتظامات کریں، اس دن مودی ، بچوں سے خطاب کرنے والے ہیں اور 3بجے تا 4:45بجے کے دوران سوال و جواب کے ایک سیشن میں حصہ لینے والے ہیں۔ اس تبادلہ خیال کو دور درشن پر راست نشر کیا جائے گا۔ وزارت فروغ انسانی وسائل کی ویب سائٹ پر بھی یہ دستیاب رہے گا۔ چونکہ اسکول عام طور پر دوپہر تک بند ہوجاتے ہیں، اسی لئے بعض اسکولوں کے پرنسپالس نے مودی اور بچوں کے درمیان تبادلہ خیال کے وقت پر اعتراض کیا ہے۔ جنوبی دہلی کے اسپرنگ ڈیلس اسکول کے پرنسپل جیوتی بوس نے میڈیا کو بتایا یہ بہت اچھی بات ہے کہ وزیر اعظم بچوں کے ساتھ رابطہ کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ اسکول کے اوقات میں ایسا کرسکتے ہیں ۔ یہ بات چیت دوپہر میں کیوں رکھی جارہی ہے جب کہ بیشتر اسکول بند ہوجاتے ہیں ۔ ایک خانگی اسکول کے پرنسپل نے بتایا کہ ہمیں5بجے تک اسکول میں رکنا پڑے گا ۔ اس خصوصی دن اساتذہ کو کیا راحت ملے گی ، مودی دہلی کے اسکولوں کے طلباء سے شخصی طور پر تبادلہ خیال کریں گے جب کہ لیہہ، لداخ، پورٹ بلیر، سلچر ،(آسام) اور امپھال کے طلباء کے ساتھ سٹیلائٹ رابطہ کے ذریعہ بات چیت کریں گے ۔ تمام اسکولوں کو پیر کی شام پانچ بجے تک رپورٹ داخل کرتے ہوئے یہ بتانے کی ہدایت دی گئی ہے کہ حکام نے کیاانتظامات کیے ہیں اور کتنے بچے اس خطاب میں شرکت کرسکتے ہیں ۔ ان ہدایات کے مد نظر بعض اسکولوں نے والدین کو پیامات روانہ کئے ہیں ۔ ایسے ہی ایک پیام میں کہا گیا کہ وزی راعظم کے راست خطاب کے مشاہدہ کے لئے اول تا بارہویں کے طلباء کو5ستمبر کو2:30تا 5بجے شام اسکولوں میں موجود رہنا ہوگا۔ ڈائرکٹوریٹ آف ایجوکیشن دہلی کی ایک اور گشتی میں کہا گیا کہ انتظامات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کا سنگین نوٹ لیاجائے گا۔
اسی دوران موصولہ یو این آئی کی اطلاع کے مطابق وزیرفروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے آج اپیل کی کہ یوم اساتذہ کے موقع پر (جسے حکومت نے جاریہ سال’’گرو اتسو‘‘ سے موسوم کیاہے) وزیر اعظم نریندر مودی کے بچوں سے خطاب اور تبادلہ خیال کو سیاسی رنگ نہ دیاجائے ۔ انہوں نے یہ وضاحت بھی کی کہ اس پروگرام میں اسکولوں کی شراکت رضا کارانہ ہوگی۔ یوم اساتذہ کے موقع پر اسکولوں کے لئے جاری کردہ سرکاری گشتی سے متعلق اخباری اطلاعات پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے سمرتی ایرانی نے کہا کہ اس پروگرام میں شرکت لازمی نہیں ہے اور کسی کو اس پر مجبور نہیں کیاجارہا ہے ۔ واضح رہے کہ سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر سروے پلی رادھا کرشنن کا یوم پیدائش ہر سال’’یوم اساتذہ‘‘ کی حیثیت سے منایاجاتا ہے ۔ وزیر فروغ انسانی وسائل نے یہاں این سی ای آرٹی کو یوم تاسیس تقریب کا افتتاح کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جاریہ سال گرواتسو منفرد انداز میں منایاجارہا ہے ۔ اور طلباء کو انٹر نیٹ و تعلیمی ٹی وی چینلوں کے ذریعہ وزیر اعظم سے بات چیت کرنے کا موقع ملے گا ۔ دوسری طرف کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے یوم اساتذہ کو گرو اتسو سے موسوم کرنے پر سخت اعتراض کیا ہے اور کہا ہے کہ بی جے پی ، تعلیم کو زعفرانی رنگ دینے کی کوشش کررہی ہے اور یہ اقدام اسی کا ایک حصہ ہے ۔

Smriti Irani slams politicization of Centre's Teachers' Day plans

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں